ویڈیو: 104گھنٹے بعد ملبے سے تلاوت کرتا ہوا شخص زندہ نکالا گیا

ترکیہ میں ملبے تلے دبے ایک شخص کو 104 گھنٹوں بعد اس حال میں زندہ نکالا گیا کہ قر آن پاک کی روشن آیات اس کے زبان پر مسلسل جاری تھیں۔

انقرہ: ترکیہ میں ملبے تلے دبے ایک شخص کو 104 گھنٹوں بعد اس حال میں زندہ نکالا گیا کہ قر آن پاک کی روشن آیات اس کے زبان پر مسلسل جاری تھیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور اب بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس دوران ایسے معجزات بھی سامنے آرہے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

ایسے ہی ایک واقعہ میں 104 گھنٹے بعد 47 سالہ شخص کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔ ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹا کر جب اس تک پہنچے تو اس کی آنکھیں بند تھیں اور وہ ملبے میں بری طرح دبے ہونے کے باوجود تلاوت کلام پاک میں مشغول تھا۔

ریسکیو اہلکاروں نے 47 سالہ شخص کو بحفاظت نکالا اور ہاسپٹل منتقل کردیا جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔

امدادی کارکنوں نے ترکیہ اور شام میں تباہی مچانے والے زلزلے کے تقریباً ایک ہفتے بعد اتوار کے روز ایک 7 ماہ کے بچے اور ایک نوعمر لڑکی کو ملبے سے نکال لیا۔