کیرالا میں بچپن کی شادی، پوکسو ایکٹ کے تحت کیس درج

کیرالا کے سیاحتی مقام منار میں ایک 26 سالہ نوجوان کے ساتھ ایک 17 سالہ لڑکی کی شادی کے سلسلہ میں پولیس نے پوکسو قانون کے تحت ایک کیس درج کرلیا ہے۔

ترواننتا پورم۔: کیرالا کے سیاحتی مقام منار میں ایک 26 سالہ نوجوان کے ساتھ ایک 17 سالہ لڑکی کی شادی کے سلسلہ میں پولیس نے پوکسو قانون کے تحت ایک کیس درج کرلیا ہے۔

لڑکی کی ماں اور دیگر رشتہ داروں نے جولائی 2022ء میں یہ شادی کرائی تھی۔ لڑکی کے حاملہ ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئی۔ پولیس نے پوکسو قانون کے تحت منی مارن کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے۔

ملزم ایک کمپنی کانن دیون کا عارضی ملازم ہے اور فی الحال مفرور ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو تقریباً ایک ماہ پہلے ایک پڑوسی سے اطلاع ملی تھی۔

پولیس نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے صدرنشین کو اس کی اطلاع دی تھی اور اس لڑکی کو اس کی ماں کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔

میڈیکل ٹسٹ کے بعد توثیق ہوئی کہ لڑکی نابالغ ہے اور پولیس نے منی مارن کے خلاف پوکسو کیس درج کرلیا۔ لڑکی کے رشتہ داروں اور اس کی ماں کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا۔