گِدھوں اور شیاطین کی حکمرانی سے ریاست تباہ ہوجائے گی۔ بی آر ایس قائد کا طنز
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راماراؤ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی نصف صدی کی حکمرانی دھوکہ‘ فریبی اور غداری سے عبارت رہی ہے۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راماراؤ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی نصف صدی کی حکمرانی دھوکہ‘ فریبی اور غداری سے عبارت رہی ہے۔
کے ٹی آر نے اتوار کے روز کہاکہ ”ذہین تلنگانہ“ جھوٹ اور فرضی ضمانتوں (کانگریس کی 6 گیارنٹیز) پر یقین نہیں کرے گا۔
سوشیل میڈیا پلاٹ فارم ایکس پر ایک پیام پوسٹ کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر نے طنزیہ انداز میں کہاکہ اگر سہ رنگی پرچم (کانگریس پارٹی کا پرچم) پر یقین کریں تو پھر ریاست کے کسانوں کو مفت برقی سربراہی کی برخاستگی کی گیارنٹی دی جاسکتی ہے۔
تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے اتوار کے روز 6ضمانتوں کااعلان کیا ہے اور کہاکہ برسر اقتدار آنے پر ان ضمانتوں کو نافذ کیاجائے گا۔
ان ضمانتوں میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد اور500 روپئے میں گیس سلنڈر کی سربراہی کے ساتھ تمام گھروں کو ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کے وعدے شامل ہیں۔
کے ٹی آر نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ ”گِدھوں کی حکومت آنے والی ہے۔‘ گدھ کی حکمرانی کے ساتھ ہی ریاست سے رعیتو بندھو کو برخاست کرنے گیارنٹی یقینی ہے۔ اگر شیاطین کی حکومت قائم ہوگی تو پھر برقی کٹوتی اور ریاست میں تاریکی پھیلنے کی ضمانت دی جاسکتی ہے؟ تلگو میں شاعرانہ انداز میں کے ٹی آر نے یہ پوسٹ تحریر کیا۔
انہوں نے مزید طنز کرتے ہوئے اگر دہلی کے کٹھ پتلی افراد ریاست میں برسر اقتدار آتے ہیں تو پھر تلنگانہ کی عزت نفس کو گروی رکھ دینے کی گیارنٹی ہے۔