ہند۔پاک میاچ کے تمام ٹکٹس چند منٹ میں فروخت
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں 23 اکتوبر کو ہونے والے ہند۔ پاک میاچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ یہ معلومات آئی سی سی کی پریس ریلیز میں سامنے آئی ہیں۔

دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں 23 اکتوبر کو ہونے والے ہند۔ پاک میاچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ یہ معلومات آئی سی سی کی پریس ریلیز میں سامنے آئی ہیں۔
بتایا گیا کہ جیسے ہی فروخت شروع ہوئی، اس عظیم میچ کے اسٹینڈنگ روم کے ٹکٹ بھی منٹوں میں فروخت ہوگئے۔ آئی سی سی نے یہ بھی بتایا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے اب تک 5 لاکھ سے زائد ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔
آئی سی سی نے کہاکہ 23 اکتوبر کو ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ یہاں تک کہ اسٹینڈنگ روم کے ٹکٹ بھی منٹوں میں بک گئے۔ جب میچ بہت قریب ہوگا تب دوبارہ فروخت کا پلیٹ فارم باضابطہ طور پر شروع کیا جائے گا جس میں شائقین اپنے ٹکٹوں کا تبادلہ کرسکیں گے۔
ٹیم انڈیا اور گروپ اے کی رنر اپ کے درمیان سوپر 12 راؤنڈ کے میچ کے تمام ٹکٹ بھی فروخت ہوچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ بمقابلہ بنگلہ دیش میچ کے تمام ٹکٹ بھی فروخت ہوگئے۔
تاہم ان میچوں کیلئے کچھ اور ٹکٹیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ ریلیز میں یہ بھی کہا گیاہے کہ سوپر 12 راؤنڈ (آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ)، ہندوستان بمقابلہ جنوبی افریقہ اور پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ میچوں کے ابتدائی میچوں کے تقریباً تمام ٹکٹس بھی فروخت ہوچکے ہیں۔ ان میچوں کے ٹکٹ بہت کم رہ گئے ہیں۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ اب تک 5 لاکھ سے زیادہ شائقین نے ایک ماہ بعد شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹکٹ بک کرائے ہیں۔ 82 ممالک کے شائقین نے 16 بین الاقوامی ٹیموں کے دنیا کے بہترین کرکٹرز کو دیکھنے کیلئے ٹکٹ خریدے ہیں۔