آندھراپردیش

آندھراپردیش: ایسڈ حملہ اور گلا کاٹنے سے زخمی لڑکی دواخانہ میں زیر علاج، نوجوان گرفتار

تشدد کا شکار لڑکی کو دواخانہ میں شریک کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت ناگ راجو کی حیثیت سے کی گئی ہے جوکہ اس کا رشتہ دار بتایا گیاہے۔

امراوتی: ایک نوجوان نے نابالغ لڑکی کے منہ میں تیزاب ڈال کر اس کا گلا کاٹ دیا۔یہ واقعہ آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے ایک موضع میں پیر کی رات کو پیش آیا۔بتایاجاتاہے کہ نویں جماعت کی طالبہ نے جنسی حملہ پر مزاحمت جس پرنوجوان نے 14 سالہ طالبہ کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایاجبکہ وہ گھر میں تنہا تھی۔

یہ دل ہلا دینے والا واقعہ ایس پی ایس آر ضلع نلور کے ایک موضع میں پیر کی رات کو پیش آیا ہے۔نوجوان جو کہ گھر میں داخل ہوگیا اور لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کر رہاتھا کہ لڑکی خود کو بچانے کیلئے واش روم میں چلی گئی اور اندر سے مقفل کرلیا لیکن نوجوان نے دروازہ توڑ کر جنسی طورپر زیادتی کرنے کی کوشش کی۔

لڑکی کے مزاحمت کرنے پر اس نے ٹائلیٹس صاف کرنے کے ایسڈ سے حملہ کردیا اور اس کے منہ کے علاوہ چہرہ پر ایسڈ ڈال دیااور وہ جب چیخ وپکار کرنے لگی تو چاقو سے اس کا گلا کاٹ کر راہ فرار اختیار کی۔پڑوسیوں نے دیکھا کہ لڑکی خون میں لت پت پڑی ہوئی ہے تو انہوں نے والدین کو چوکس کردیا جوکہ کام کیلئے کئے ہوئے تھے۔

تشدد کا شکار لڑکی کو دواخانہ میں شریک کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت ناگ راجو کی حیثیت سے کی گئی ہے جوکہ اس کا رشتہ دار بتایا گیاہے۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بعض دوسرے افراد نے ملزم کی مدد کی ہے۔

اس واقعہ کے ساتھ ہی عوام میں برہمی پھیل گئی۔ عوام نے مجرم کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ریاستی وزیر زراعت کاکانی  گوردھن ریڈی نے دواخانہ جاکر لڑکی کی عیادت کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے لڑکی کے ارکان خاندان سے بھی ملاقات کرکے بات چیت کی۔ریاستی وزیر نے لڑکی کے علاج کے تعلق سے ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کرکے معلومات حاصل کی۔

انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایاہے کہ پولیس نے اقدام قتل اور عصمت ریزی کا کیس بک کرلیا ہے اور ملزم کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔نیلور ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس وجئے راؤ نے بھی دواخانہ جاکر لڑکی کی مزاج پرسی کی اور کہاکہ پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ عنقریب تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں گی۔