شمالی بھارت

اترکاشی میں 10 کوہ پیما ہلاک‘ 8 کو بچالیا گیا

سرحدی ضلع اترکاشی کی پہاڑی چوٹی دروپدی کا ڈنڈا 2 میں برفانی تودہ گرنے کے بعد 10 زیرتربیت کوہ پیما ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 8 کو بچالیا گیا۔

اترکاشی: سرحدی ضلع اترکاشی کی پہاڑی چوٹی دروپدی کا ڈنڈا 2 میں برفانی تودہ گرنے کے بعد 10 زیرتربیت کوہ پیما ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 8 کو بچالیا گیا۔ نہرو ماؤنٹینرنگ انسٹی ٹیوٹ کے 28 زیرتربیت کوہ پیما پھنس کر رہ گئے تھے۔

ڈی جی پی نے بتایا کہ تاحال 8 کوہ پیماؤں کو بچالیا گیا جبکہ کئی دیگر لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ(انڈین ایرفورس) نے بچاؤ و راحت کاری کے لئے 2 چیتا ہیلی کاپٹرس بھیجے۔ مزید ہیلی کاپٹرس کو تیار رکھا گیا ہے۔

نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینرنگ (این آئی ایم) نے 22 ستمبر کو 2 کرنی گلیشیر پر بیسک اور اڈوانسڈ کورسس کی ٹریننگ شروع کی تھی۔ بیسک ٹریننگ میں جملہ 122 افراد بشمول 97 ٹرینیز‘ 24 ٹرینرس اور انسٹی ٹیوٹ کے ایک عہدیدار نے حصہ لیا جبکہ 53 افراد بشمول 44 ٹرینیز اور 9 ٹرینرس اڈوانسڈ کورس کا حصہ تھے۔

اسی دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فون پر چیف منسٹر اترکھنڈ پشکر سنگھ دھامی سے بات چیت کی۔ انہوں نے فضائیہ کو ہدایت دی کہ بچاؤ آپریشن چلایا جائے۔ ضلع انتظامیہ‘ این ڈی آر ایف‘ ایس ڈی آر ایف‘ فوج اور آئی ٹی بی پی جوانوں کے علاوہ این آئی ایم کی ٹیم بھی راحت و بچاؤ میں مصروف ہے۔

وزیر دفاع نے ٹویٹ کیا کہ انسانی جانوں کے اتلاف پر بڑا دکھ ہوا۔ میں غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔ ہنوز پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کی مدد کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ میں ہندوستانی فضائیہ کو اس سلسلہ میں ہدایت دے چکا ہوں۔ صبح 9 بجے 16 ہزار فیٹ کی بلندی پر کوہ پیماؤں کی ٹیم برفانی تودہ کی زدمیں آئی۔

پی ٹی آئی کے بموجب 10 نعشوں کا پتہ چل گیا جن میں 4 برآمد کرلی گئیں۔ اترکاشی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ عہدیدار دیویندر پٹوال نے بتایا کہ 8 کوہ پیماؤں کو ان کی اپنی ٹیم کے ارکان نے بچایا۔

چیف منسٹر نے وزیر دفاع سے فون پر بات چیت کی اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے فوج سے مدد مانگی۔ این آئی ایم کے پرنسپل کرنل امیت بشٹ نے بتایا کہ 34 زیرتربیت کوہ پیماؤں اور 7 انسٹرکٹرس پر مشتمل ٹیم واپسی کے دوران برفانی تودہ کی زد میں آگئی۔