بھارت

ارکان پارلیمنٹ کیلئے اسمارٹ کارڈس کی تیاری

بجٹ اجلاس سے قبل لوک سبھا سکریٹریٹ نے نئی پارلیمنٹ بلڈنگ میں داخل ہونے ارکان پارلیمنٹ کے لئے نئے شناختی کارڈس تیار کرنا شروع کردیئے ہیں۔

نئی دہلی: بجٹ اجلاس سے قبل لوک سبھا سکریٹریٹ نے نئی پارلیمنٹ بلڈنگ میں داخل ہونے ارکان پارلیمنٹ کے لئے نئے شناختی کارڈس تیار کرنا شروع کردیئے ہیں۔

ارکان پارلیمنٹ کو آڈیوویژول آلات کی تربیت بھی دی جارہی ہے جنہیں نئی عمارت میں استعمال کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آغاز 31 جنوری سے ہوگا اور اس کا پہلا حصہ 10 فروری کو ختم ہوگا۔ اس سیشن کے دوسرے حصہ کا آغاز 6 مارچ سے ہوسکتا ہے اور 6 اپریل کو اختتام عمل میں آسکتا ہے۔

بہرحال تواریخ پر ہنوز حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ نے اپنے ایک بلیٹن میں بتایا کہ تمام معزز ارکان کے لئے اسمارٹ کارڈ پر مبنی شناختی کارڈ تیار کئے جارہے ہیں تاکہ وہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں رسائی حاصل کرسکیں۔

یہ کارڈس انتہائی محفوظ ہوں گے جن میں کئی حفاظتی خصوصیات رکھی گئی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کا شخصی اور بائیومیٹرک ڈاٹا نئے شناخت کارڈ کے لئے حاصل کیا جائے گا۔ اس میں اسمارٹ کارڈ کے لئے فوٹو کا حصول اور چہرہ کی شناخت سسٹم کا رجسٹریشن بھی شامل ہے۔

ارکان کو مطلع کیا گیا ہے کہ احاطہ ئ پارلیمنٹ میں ان کے لئے ایک خصوصی کاؤنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ نے بتایا کہ نئی عمارت میں استعمال ہونے والے آڈیوویژول آلات کے لئے ارکان پارلیمنٹ کو انیکسی کی عمارت میں تربیت دی جارہی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ آئندہ پارلیمنٹ سیشن نئی عمارت میں ہی منعقد کیا جائے گا۔