دہلی

اسپائس جیٹ : 18دن کے دوران تکنیکی خرابی کا 8واں واقعہ

اسپائس جیٹ نے کہا ہے کہ اس کا ایک مال بردار طیارہ جو چین کے چانگ گنگ شہر کو جارہا تھا‘آج کولکتہ واپس لوٹ آیا کیونکہ اس کے پائلٹوں کو یہ احساس ہوا کہ اس کا موسم کا راڈار کام نہیں کر رہاہے۔

نئی دہلی: اسپائس جیٹ نے کہا ہے کہ اس کا ایک مال بردار طیارہ جو چین کے چانگ گنگ شہر کو جارہا تھا‘آج کولکتہ واپس لوٹ آیا کیونکہ اس کے پائلٹوں کو یہ احساس ہوا کہ اس کا موسم کا راڈار کام نہیں کر رہاہے۔

اسپائس جیٹ کے طیاروں میں گزشتہ18دن کے دوران تکنیکی خرابی کا یہ 8واں واقعہ ہے۔

5جولائی 2022 کو اسپائس جیٹ کے دہلی سے دبئی جانے والے طیارہ کو فیول انڈیکٹر میں خرابی کی وجہ سے کراچی میں لینڈنگ کرنی پڑی تھی جبکہ اسی ایرلائن کی کانڈلا-ممبئی پرواز کو مہاراشٹرا کے دارالحکومت میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی کیونکہ فضاء میں ہی اس کے وند شیلڈ میں دڑاریں پڑ گئی تھیں۔

2جولائی کو جبل پور جانے والی اسپائس جیٹ کی پرواز دہلی واپس لوٹ آئی تھی کیونکہ تقریبا 5000 فٹ کی بلندی پر ارکان عملہ نے کیبن میں دھواں دیکھا تھا۔

24 اور25جون کو بھی اسپائس جیٹ کے دو طیاروں میں تکنیکی خرابی واقع ہوئی تھی‘جس کے نتیجہ میں انہیں اپنا سفر ترک کرتے ہوئے واپس ہونا پڑا تھا۔