برطانیہ میں مسجدکے قریب بزرگ کو آگ لگا دی گئی
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے برمنگھم میں بزرگ مسلمان کو نذر آتش کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

لندن: برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے برمنگھم میں بزرگ مسلمان کو نذر آتش کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں بزرگ کے مسجد سے باہر نکلنے کے بعد ایک نوجوان ان سے بحث کرتا نظر آرہا ہے۔ بزرگ کے کچھ دور جانے کے بعد ان کو آگ لگا دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق 70 سالہ بزرگ کو آگ لگانے کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بزرگ کو جیکٹ پر کیمیکل چھڑک کر آگ لگائی گئی۔انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
بزرگ کا چہرہ آگ سے جھلس گیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعہ کی تفتیش برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس کر رہی ہے۔
علحدہ موصولہ اطلاع کے بموجب فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس حملے کے بعد برمنگھم کے علاقے ایجباسٹن میں کل 7بجے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
برمنگھم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پہلے حملے کے بارے میں آگاہ تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ’ہم میٹرو پولیٹن پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور جائزہ لے رہے ہیں کہ ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔
‘ویسٹ مڈ لینڈ پولیس چیف رچرڈ نارتھ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی پولیس تفتیش میں مدد کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’ان کے پاس حالات کا جائزہ لینے کی خصوصی مہارت تک رسائی تھی۔‘
خیال کیا جا رہا ہے کہ تازہ حملے میں یہ شخص قریبی مسجد سے گھر جا رہا تھا کہ اس پر نامعلوم مواد سے اسپرے کیا گیا جس کے بعد اس کی جیکٹ کو آگ لگ گئی۔