شمالی بھارت

بہار میں غیرقانونی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ‘ 5افراد ہلاک

بہار کے ضلع سارن میں اتوار کے دن ایک غیرقانونی پٹاخہ یونٹ میں زبردست دھماکہ میں کم ازکم 5افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک 4 سالہ بچہ اور ایک عورت شامل ہیں۔

پٹنہ: بہار کے ضلع سارن میں اتوار کے دن ایک غیرقانونی پٹاخہ یونٹ میں زبردست دھماکہ میں کم ازکم 5افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک 4 سالہ بچہ اور ایک عورت شامل ہیں۔

دیگر چارافراد زخمی ہوئے ہیں۔ خدائی باغ بازار میں تین منزلہ عمارت میں دھماکہ اتنا شدید تھا کہ عمارت ڈھیر ہوگئی۔ مالکِ مکان کی شناخت شبیر حسین کی حیثیت سے ہوئی ہے۔

وہ غیرقانونی پٹاخہ فیکٹری چلارہا تھا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس سارن سنتوش کمار نے یہ بات بتائی۔ آئی اے این ایس کے بموجب اتوار کے روز دوپہر ایک دھماکہ میں 3 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوگئے۔

موضع خدائی باغ میں ریاض میاں کے مکان میں دھماکہ ہوا جہاں پٹاخوں کا بڑا ذخیرہ تھا۔ ریاض میاں پٹاخوں کا کاروبار کرتا ہے۔ وہ شادیوں کیلئے پٹاخے فروخت کرتا تھا۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ سارا مکان تباہ ہوگیا۔ قریب کے دیگر 6مکانوں میں دراڑیں پڑگئیں۔ پولیس اور محکمہ فائر کے عملہ نے ملبہ سے تین نعشیں نکالی ہیں جن میں ایک عورت اور ایک بچہ شامل ہے جن کی شناخت ہونی باقی ہے۔