تلنگانہ

جناب محمد عبدالجلیل ایڈیٹر اِن چیف منصف کا اظہار تعزیت

پیر طریقت عارف باللہ‘ مفسر قرآن حضرت مولانا شاہ کمال الرحمن قاسمی و ندوی خلیفہ و جانشین حضرت شاہ صوفی غلام محمد ؒ کے سانحہ ارتحال پر ایڈیٹر ان چیف روزنامہ منصف جناب محمد عبدالجلیل نے اپنے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کی رحلت ملت اسلامیہ کا ایک بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔

حیدرآباد: پیر طریقت عارف باللہ‘ مفسر قرآن حضرت مولانا شاہ کمال الرحمن قاسمی و ندوی خلیفہ و جانشین حضرت شاہ صوفی غلام محمد ؒ کے سانحہ ارتحال پر ایڈیٹر ان چیف روزنامہ منصف جناب محمد عبدالجلیل نے اپنے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کی رحلت ملت اسلامیہ کا ایک بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت نے اپنی ساری زندگی دین کی خدمت اور درس و تدریس کے لئے وقف کررکھی تھی۔وہ ایک بہترین معلم و مربی تھے۔ انہوں نے خاموشی کے ساتھ ہزاروں لوگوں کے قلب و روح کی اصلاح کی۔

آپ کے دروس‘ مواعظ و نصائح سے ملت اسلامیہ کی ایک بڑی تعداد مستفید ہوتی رہی۔وہ معقول‘ معتدل‘ متوازن اور دل پذیر انداز میں اپنے ارادت مندوں کی رہنمائی و رہبری کیا کرتے تھے۔

وہ سادگی اور انکساری کی انوکھی مثال تھے۔ مولانا مرحوم اپنے حلقہئ ارادت کی فکری و دینی اصلاح کے علاوہ ملی کاز کے لئے بھی کافی سرگرم رہا کرتے تھے۔

رب کریم ان کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے۔ جناب محمد عبدالجلیل نے مرحوم کے اہل خانہ‘ متعلقین و متوسلین کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کی۔