حیدرآبادسوشیل میڈیا

سکندرآباد میں آگ لگنے کا واقعہ: مہلوکین کی تعداد 8ہوگئی

تلنگانہ کے سکندرآباد میں زبردست آتشزدگی واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 تک پہنچ گئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے سکندرآباد میں زبردست آتشزدگی واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ہمہ منزل میں گراونڈ فلورپرالکٹرک بائیکس کا شوروم ہے اوراوپرکی چوتھی منزل سے لاج ہے۔

کل رات اچانک الکٹرک بائیکس کے شوروم میں آگ لگ گئی اورآگ پھیل گئی جس کی وجہہ سے لاج میں مقیم افراد پھنس گئے تھے کیونکہ آگ کی وجہہ سے پوری عمارت میں دھواں پھیل گیا تھا۔ آگ اس قدرزیادہ تھی کہ لوگ جان بچانے کیلئے پائپس سے نیچے اترنے لگے اوربعض نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کرچھلانگ لگادی۔

عمارت میں دھواں پھیل جانے کی وجہہ سے لاج میں مقیم افراد کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ بجلی کی سپلائی بند ہونے کی وجہہ سے لوگ سیڑھیوں سے اترنے کی کوشش میں بھی زخمی ہوگئے اوربعض کی موت ہوگئی۔ حادثہ کے وقت لاج میں قریب 25 تا 30 بیرونی سیاح موجود تھے۔

آگ لگنے کی وجہہ سے گاڑیوں کی بیٹریاں پھٹ پڑنے سے آگ نے شدت اختیارکرلی تھی۔ فوری طورپرفائرانجنوں کو طلب کرکے کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پرقابو پانے میں کامیابی حاصل کی گئی اورمتاثرین کوعلاج کیلئے پرائیویٹ اسپتالوں کے علاوہ گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس حادثہ میں کل رات 7 افراد کی موت ہوگئی تھی جبکہ ایک اورزخمی آج دوران علاج جانبرنہ ہوسکا، مہلوکین میں سے 6 کی شناخت کرلی گئی جبکہ دیگردو کی فوری شناخت نہیں ہوسکی۔ مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ مہلوکین کا تعلق دہلی، آندھراپردیش اور چینئی سے بتایا گیا ہے۔

مرنے والوں کی شناخت ہریش وجئے واڑہ، ویریندرکمار دہلی،سیتا رامن، بالاجی چینائی،راجیو مائک، سندیپ ملک دہلی کے طورپرکی گئی ہے۔ کل رات آتشزدگی کے واقعہ کے بعد ریاستی وزراء محمود علی، سرینواس یادو مقام حادثہ پرپہنچ گئے اورانھوں نے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں اوراپنی نگرانی میں آگ بجھانے کا کام کروایا۔ مرکزی حکومت اورریاستی حکومت نے مہلوکین کیلئے ایکس گریشیاء اورزخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نریندرمودی نے سکندرآباد میں آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج کا اظہارکیا ہے، انھوں نے غمزدہ خاندانوں کے ورثاء سے اظہارتعزیت کیا اورزخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک توقعات کا اظہارکیا ہے۔

نریندرمودی نے مہلوکین کیلئے فی کس 2 لاکھ روپیایکس گریشیا اورزخمیوں کو 50 ہزارروپئے مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اسی دوران تلنگانہ کے وزیربلدی نظم ونسق کے تارک راما راو نے اس حادثہ پرگہرے رنج کا اظہارکرتے ہوئے مہلوکین کے ورثاء کیلئے فی کس 3 لاکھ روپئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔