شمالی بھارت

متنازعہ ویڈیو کے بعد عادل چشتی کا یو ٹرن

عادل چشتی نے نپور شرما سے یہ بھی سوال کیا تھا کہ وہ کس طرح بھگوان ہنومان یا گنیش کے وجود کو ثابت کرے گی۔ اس سے چند دن پہلے درگاہ اجمیر شریف کے خادم سید سرور چشتی نے اشتعال انگیز تبصرہ کرتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا تھا۔

جئے پور: ہندو دیوی دیوتاؤں اور عقائد کا مضحکہ اڑانے کے بعد سرور چشتی کے لڑکے سید عادل چشتی نے اب یو ٹرن لیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی کے مذہبی جذبات یا عقائد کو ٹھیس پہنچانا نہیں چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے محض نپور شرما کے تبصرہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ عادل چشتی نے کہا ”اگر میرے تبصرہ سے کسی کو ٹھیس پہنچی ہو تو میں معذرت خواہی کرتا ہوں لیکن میرے ویڈیو کو ایڈٹ کیا گیا اور پھر اسے میڈیا میں پیش کیا گیا“۔

واضح رہے کہ عادل چشتی نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں انہوں نے 33 کروڑ دیوی دیوتاؤں کے وجود کے بارے میں سوال اٹھایا تھا۔ انہوں نے بھگوان وشنو کے اوتار کا بھی مذاق اڑایا تھا اور اسے غیرمنطقی قراردیا تھا۔ چشتی نے سوال کیا تھا کہ نپور شرما کس طرح ہنومان یا گنیش کے وجود کو حق بجانب ٹھہرائے گی۔

انہوں نے نپور شرما سے یہ بھی سوال کیا تھا کہ وہ کس طرح بھگوان ہنومان یا گنیش کے وجود کو ثابت کرے گی۔ اس سے چند دن پہلے درگاہ اجمیر شریف کے خادم سید سرور چشتی نے اشتعال انگیز تبصرہ کرتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیغمبر اسلام ؐ کی شان میں گستاخی کی جائے گی تو ہندوستان دہل جائے گا اور سر قلم کئے جانے کو کوئی روک نہیں سکے گا۔

 اُدئے پور میں 2 مسلمانوں کے ہاتھ ایک ٹیلر کے قتل کے واقعہ کے فوری بعد یہ بیان جاری کیا گیا تھا۔ انجمن کمیٹی کے سکریٹری چشتی نے انتباہ دیا تھا کہ اگر پیغمبر اسلامؐ کی توہین کی گئی تو مسلمان ایک ایسی تحریک شروع کریں گے جو ہندوستان کو دہلادے گی۔

اجمیر کے ڈپٹی میئر نیرج جین نے آج کہا کہ کوئی شکایت درج نہیں کرئی گئی ہے۔ سرور چشتی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور ان کے لڑکے کے خلاف بھی کوئی کیس درج نہیں کرایا گیا۔ اسی دوران وی ایچ پی نے چہارشنبہ کے روز اس واقعہ کی مذمت کی اور حکومت ِ راجستھان سے مطالبہ کیا کہ وہ عادل چشتی کو فوری گرفتار کرے۔

 وی ایچ پی کے جوائنٹ سکریٹری سریندر جین نے کہا کہ چشتی کے زہریلے الفاظ سے ساری دنیا واقف ہے جس کی وجہ سے ملک میں نفرت کا ماحول پیدا ہوا ہے اور نعرے لگائے گئے ہیں۔ اُدئے پور میں کنہیا کا قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل چشتی نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں وہ ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے نظر آرہے ہیں۔ یہ انتہائی قابل اعتراض ویڈیو ہے اور ہم اسے قبول نہیں کریں گے۔