ایشیاء

مودی اور آر ایس ایس پر بلاول بھٹو کی سخت تنقید

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کے خلاف نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان تعاون کی بات کہی لیکن انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر شخصی حملے کردیئے۔

اقوام متحدہ: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کے خلاف نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان تعاون کی بات کہی لیکن انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر شخصی حملے کردیئے۔

انہوں نے انتہائی غیرپارلیمانی زبان استعمال کی۔ جمعرات کے دن نیوز کانفرنس میں ایک پاکستانی رپورٹر نے ان سے پوچھا تھا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے دہشت گردی میں اسلام آباد کے رول کا الزام عائد کیا ہے۔

اس کا جواب دینے کے بجائے بلاول بھٹو زرداری نے مودی کے خلاف غلط زبان استعمال کی۔ انہوں نے آر ایس ایس پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ تنظیم مہاتما گاندھی کی آئیڈیالوجی کو نہیں مانتی جن کا نصف مجسمہ اقوام متحدہ کیمپس میں لگا ہے۔

آر ایس ایس‘ مہاتماگاندھی کے قاتل کی پوجا کرتی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی دہشت گردی میں پاکستان کے رول کو خارج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن مرچکا ہے اور اب وقت آگے بڑھنے کا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ 4 ہندوستانیوں کو بین الاقوامی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرانے کی پاکستان کی کوششیں ناکام رہیں کیونکہ ہندوستان کا بڑا اثر و رسوخ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے جو ایک مذہبی مملکت کے وزیر خارجہ ہیں‘ زور دے کر کہا کہ ہندوستان سیکولرازم کے راستہ سے ہٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کا خصوصی موقف بحال ہونے تک ہندوستان کے ساتھ صلح و صفائی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔