حیدرآباد

مہیشورم میں ملابار جیمس اینڈ جیولری منیوفکچرنگ یونٹ کاسنگ بنیاد

ریاستی وزیر صنعت کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں ملابار جیمس اینڈ جیولری منیوفکچرنگ یونٹ کا ضلع رنگاریڈی کے مہیشورم میں سنگ بنیاد رکھا گیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صنعت کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں ملابار جیمس اینڈ جیولری منیوفکچرنگ یونٹ کا ضلع رنگاریڈی کے مہیشورم میں سنگ بنیاد رکھا گیا۔

آج ہوٹل ٹریڈنٹ مادھاپور میں منعقدہ پر اثر تقریب میں کے ٹی راما راؤ نے منیوفکچرنگ یونٹ کاعلامتی سنگ بنیاد رکھا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ملابار گروپ کی جانب سے 750 کروڑ روے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ تقریباً 2750 افراد کو روزگار کا موقع حاصل ہوگا۔

کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ ملابار جیمس اینڈ جیولری کے ریاست میں مختلف مقامات پر 17 شورومس قائم ہیں۔ جہاں ایک ہزار سے زیادہ افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے مزید شورومس قائم کرنے کا منصوبہ ہے جس کے ذریعہ مزید کئی سو افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔

انہوں نے ملابار جیمس اینڈ جیولری منیوفکچرنگ یونٹ کو تلنگانہ میں قائم کرنے کے فیصلہ پر ملابار گروپ کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا۔ مہیشورم کے جنرل پارک کے مقام پر 3.7 ایکڑ اراضی پر مینوفیکچرنگ یونٹ قائم ہوگا یہ یونٹ بہت جلد کارکرد ہوجائے گا۔

اس یونٹ میں سالانہ 10 ٹن سونے اور 1.5 لاکھ قیراۃ ڈائمنڈ جیولری کی تیاری کی صلاحیت رہے گی۔ علاوہ ازیں انتہائی عصری سہولتوں سے لیس گولڈ ریفائنری کی سہولت بھی رہے گی جہاں ایک سال میں 180 ٹن گولڈ ریفائنری کی صلاحیت دستیاب رہے گی۔

اس یونٹ میں جداگانہ اقسام کی جیولری جن میں گولڈ‘ ڈائمنڈ‘ قیمتی پتھر‘ (جیمس اسٹون) پلاٹینم اور ان کٹ ڈائمنڈ شامل ہیں‘ بنائی جاسکے گی۔

اس منیوفکچرنگ یونٹ میں سی این سی مشیننگ‘ لٹیسٹ ٹکنالوجی‘ چین میکنگ مشین اور لیزر کٹ مشین جیسے آلات دستیاب رہیں گے۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری محکمہ صنعت جیش رنجن‘ ڈائرکٹر انڈسٹریز ڈی کرشنا بھاسکر‘ صدرنشین ملابار گروپ آف کمپنیز احمد ایم پی‘ نائب صدرنشین عبدالسلام کے پی و دیگر موجود تھے۔