دہلی

نشہ میں دھت ہندوستانی شہری نے ایرانڈیا فلائٹ میں ساتھی مسافر پر پیشاب کردیا

ایئر انڈیا نے واقعے کی تصدیق تو کی ہے، لیکن اس کے بیان میں واقعے کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی گئی۔ البتہ ایئرلائن نے کہا کہ عملے نے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی۔

نئی دہلی: دہلی سے بنکاک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI-2336 میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جہاں نشہ میں دھت ایک ہندوستانی شہری نے مبینہ طور پر ایک ساتھی مسافر پر پیشاب کر دیا۔ ذرائع کے مطابق، متاثرہ مسافر ایک معروف کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔

ایئر انڈیا نے واقعے کی تصدیق تو کی ہے، لیکن اس کے بیان میں واقعے کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی گئی۔ البتہ ایئرلائن نے کہا کہ عملے نے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق، اس واقعے کی اطلاع حکام کو دے دی گئی ہے اور ایئر انڈیا نے متاثرہ مسافر کو بنکاک میں مقامی حکام سے رجوع کرنے کے لیے مدد کی پیشکش کی تھی، لیکن انہوں نے اس وقت کسی قسم کی کارروائی سے گریز کیا۔

"ہماری کریو ٹیم نے شرارتی مسافر کو وارننگ دی، اور متاثرہ شخص کو بنکاک میں شکایت درج کرانے میں مدد کی پیشکش کی، جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔ ایئر انڈیا نے ڈی جی سی اے کے طے کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق کام کیا ہے، اور اب ایک آزاد کمیٹی اس واقعے کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔”

مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وزارت اس معاملے پر ایئرلائن سے بات کرے گی۔”ایسے واقعات جب بھی پیش آتے ہیں، وزارت سنجیدگی سے نوٹس لیتی ہے۔ اگر کسی قسم کی کوتاہی پائی گئی تو ضروری کارروائی کی جائے گی۔”

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پچھلے دو برسوں میں ایسے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں نشے میں مسافروں نے ساتھی مسافروں پر پیشاب کیا۔

مارچ 2023 میں ایک بھارتی طالب علم آریہ ووهرا کو امریکی ایئرلائن سے اس وقت بین کیا گیا جب اس نے مبینہ طور پر ساتھی مسافر پر پیشاب کیا۔نومبر 2024 میں ایئر انڈیا کی ایک بزنس کلاس پرواز میں ایک بزرگ خاتون پر بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔