3 نابالغ لڑکیوں کی عصمت ریزی کے مجرم کو 30سال قید کی سزا

عدالت نے تین نابالغ لڑکیوں کی عصمت ریزی کے مجرم کو 30سال سزائے قید سنائی اور 41ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔

مانڈیا: عدالت نے تین نابالغ لڑکیوں کی عصمت ریزی کے مجرم کو 30سال سزائے قید سنائی اور 41ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔

سیکنڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اور فاسٹ ٹریک کورٹ کے خصوصی جج ناگا جیوتی کے اے نے یہ فیصلہ صادر کیا۔

مجرم کی شناخت اجئے آر کی حیثیت سے کی گئی جس کے خلاف 2019ء میں اراکیرے پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند اور پوکسو قانون کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق مجرم نے ساڑھے دس سال، ساڑھے چھ سال اور ساڑھے آٹھ سال کی تین لڑکیوں کی چاکلیٹ دینے کے بہانے اغوا کرکے عصمت ریزی کی تھی۔

دیڑھ تا تین ماہ کے وقفہ سے اس نے ان کی عزت کو تار تار کیا تھا۔ اس نے انہیں تین تا چار مرتبہ غیرقانونی طور پر محروس رکھا اور انہیں فحش مواد دکھا کر ان کے ساتھ زبردستی کی اور کسی کو بتانے پر قتل کردینے کی دھمکی دی۔ تحقیقات کے دوران الزامات ثابت ہوگئے اور ملزم کو یہ سزا سنائی گئی۔