جرائم و حادثات

منشیات کی فروخت وسپلائی کرنے والی ٹولی کے4ارکان گرفتار

سائبر آباد پولیس نے منشیات فروخت کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے اس کے 4، ارکان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدہ افراد میں نائیجریا کے ایک شہری کے بشمول4، افراد شامل ہیں۔

حیدرآباد: سائبر آباد پولیس نے منشیات فروخت کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے اس کے 4، ارکان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدہ افراد میں نائیجریا کے ایک شہری کے بشمول4، افراد شامل ہیں۔

پانچواں ملزم جو نائیجریا کا شہری بتایا گیا ہے، مفرور ہے۔ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کی ایس او ٹی (اسپیشل آپریشن ٹیم) نے اس ٹولی کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔

منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی فروخت اور استعمال کے تدارک کے ضمن میں خصوصی مہم کے حصہ کے طور پر ایس او ٹی نے یہ کاروائی کی ہے۔ رائے درگم پولیس اسٹیشن کے تحت نانک رام گوڑہ روٹری کے قریب، یہ ٹولی، منشیات فروخت اور سپلائی کرتے ہوئے پائی گئی۔

ایس او ٹی مادھا پور اور رائے درگم پولیس نے ان ملزمین کے قبضہ سے 303 گرام کوکین،4وہیلرس کی 2 گاڑیاں وزن کی پیمائش کرنے والی مشین (ترازو) کو جن کی مالیت1.33کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ ضبط کرلیا۔گرفتار شدگان میں نائیجریا کا ایک شہری 22سالہ وکٹرچکوا اور مفرور ملزم میں 35 سالہ نائیجرین پٹی ابیزر عرف گبرئیل شامل ہے۔

مابقی گرفتار شدگان میں پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے افراد شامل ہیں۔ منشیات فروش سوریہ پرکاش کو4مئی کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ چنتا راکیش روشن، گجالہ سرینواس ریڈی اور وکٹرچکوا کو اس کے دوسرے دن گرفتار کرلیا گیا۔ سائبر آباد پولیس کمشنر اسٹیفن رویندر نے یہ بات بتائی۔

راکیش روشن، جوگنٹور ضلع کا متوطن بتایا گیا ہے، گبرئل سے7ہزار روپے فی گرام کوکین خرید تا تھا۔ گبرئل نائیجریا کا یہ شہری گوا میں مقیم تھا اور وہ (روشن) حیدرآباد میں ضرورت مند افراد کو 15ہزار سے18ہزار کی قیمت پر فی گرام کوکین فروخت کرتا تھا۔

بعدازاں اُس نے نیلور کے رہنے والے گجالا سرینواس ریڈی اور کاکیناڈا کے سوریہ پرکاش کو اس کا روبار میں شامل ہونے کیلئے اکسایا تھا۔ اصل ملزم ان دونوں سے کمیشن حاصل کرتا تھا۔ سوریہ پرکاش 2مئی کو گوا روانہ ہوا اور اُس نے وہاں وکٹر کے پاس سے 23گرام کوکین حاصل کیاتھا۔ ایس او ٹی اور راے درگم پولیس نے 4مئی کو اسے گرفتار کرلیا اور ایف آئی آر بھی درج کرلی۔

سرینواس ریڈی4مئی کو گوا روانہ ہوا اور وہ وکٹر سے100گرام کوکین حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ شہر حیدرآباد میں کوکین کی زبردست مانگ ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ سرینواس ریڈی اور وکٹر کار کے ذریعہ گوا سے حیدرآباد پہنچے تب ایس او ٹی اور رائے درگم پولیس نے 5مئی کو ان دونوں کو گرفتار کرلیا۔ ہر ایک کے قبضہ سے 100 گرام کوکین کو ضبط کرلیا۔ ان دونوں کی اطلاع پر پولیس نے راکیش روشن کو بھی گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 80 گرام کوکین کو ضبط کرلیا۔