مظفر نگر اسکول واقعہ پر جاوید اختر، رینوکا شاہانے اور پرکاش راج کا رد عمل
بزرگ اسکرین رائٹر جاوید اختر‘ اداکارہ رینوکا شاہانے اور اداکار پرکاش راج نے اتر پردیش کی ٹیچر کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیاہے جس نے مبینہ طور پر طلباء کو اقلیتی برادری کے ایک لڑکے کو تھپڑ مارنے کے لیے اکسایا تھا۔

ممبئی: بزرگ اسکرین رائٹر جاوید اختر‘ اداکارہ رینوکا شاہانے اور اداکار پرکاش راج نے اتر پردیش کی ٹیچر کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیاہے جس نے مبینہ طور پر طلباء کو اقلیتی برادری کے ایک لڑکے کو تھپڑ مارنے کے لیے اکسایا تھا۔
جاوید اختر نے ٹوئٹر پر کہاکہ انہیں امید ہے کہ ٹیچر کو فوری معطل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایک ٹیچر معصوم بچوں کو حکم دے رہی ہے کہ ایک 8 سالہ لڑکے کو ایک کے بعد تھپڑ مارتے جائیں اور زور سے ماریں۔
یہ محضِ ایذا پسندی اور گمراہ ذہنیت کا مظاہرہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس ٹیچر کو جلد معطل کردیاجائے گا اور اس بد نما واقعہ کی تحقیقات شروع کی جائیں گی۔
رینوکا شاہانے اس واقعہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس کمبخت ٹیچر کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیاجاناچاہئے لیکن شاید اس کے بجائے قومی یکجہتی کو فروغ دینے پر نیشنل ٹیچرس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اداکارہ سواستیکا مکرجی اور وورن گروور نے بھی اس وائرل ویڈیو پر رد عمل ظاہر کیا۔
انہوں نے کہاکہ کوئی ٹیچر ایسا کیسے کرسکتی ہے۔ آخر ہم اس صورتحال کس طرح باہر آئیں گے۔ گروور نے اس واقعہ کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا۔ اداکار پرکاش راج نے کہاکہ یہ انسانیت کا تاریک ترین پہلو ہے جس میں ہم داخل ہورہے ہیں۔
کیا آپ لوگ پریشان نہیں ہیں۔ اس واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اداکار و کامیڈین ویر داس نے X پر لکھا تاریخی لحاظ سے دنیا بھر میں نفرت کرنے والے لوگ معصوم ذہنوں کو زہر آلود کرتے ہیں۔
وہ لوگ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ ایک ایسی دنیا کے باسی ہیں جو انہیں تیزی سے پیچھے چھوڑتی جارہی ہیں۔