مشرق وسطیٰ
پاکستان نے امدادی سامان کی 10ویں کھیپ فلسطین بھیجی
پاکستان نے اتوار کو اپنی 10ویں امدادی کھیپ فلسطین روانہ کی جس میں طبی امدادی سامان بھی شامل ہے۔

اسلام آباد: پاکستان نے اتوار کو اپنی 10ویں امدادی کھیپ فلسطین روانہ کی جس میں طبی امدادی سامان بھی شامل ہے۔ ملک کے دفتر خارجہ نے یہاں ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی سامان کی یہ کھیپ اردن پہنچ گئی ہے، جہاں سے اسے فلسطین بھیجا جائے گا۔
پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق، دسویں امدادی کھیپ میں 40 ٹن ضروری ادویات شامل ہیں، جس کا مقصد غزہ کے لوگوں کو طبی امداد فراہم کرنا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ قدم انسانی ہمدردی کے مقاصد کی حمایت اور ضرورت مندوں کو مدد فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے نے ایک پاکستانی این جی او کے ساتھ مل کر غزہ کے لوگوں کے لیے مجموعی طور پر 1151 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے، جس میں موجودہ کھیپ بھی شامل ہے۔