صرف10منٹ کی تاخیر سے جان بچ گئی (ویڈیو)
برطانیہ کی ایک خاتون بھومی چوہان نے جو ہندوستان کے دورہ پرہیں، خدا کا شکر ادا کیا کہ ٹریفک میں پھنس جانے اور دیر سے ایرپورٹ پہنچنے کی وجہ سے وہ اِس بدنصیب طیارہ میں سوار ہونے سے بچ گئیں۔

احمد آباد۔13جون (پی ٹی آئی) برطانیہ کی ایک خاتون بھومی چوہان نے جو ہندوستان کے دورہ پرہیں، خدا کا شکر ادا کیا کہ ٹریفک میں پھنس جانے اور دیر سے ایرپورٹ پہنچنے کی وجہ سے وہ اِس بدنصیب طیارہ میں سوار ہونے سے بچ گئیں۔
بھومی نے بتایا کہ صرف 10منٹ کی دیر ہوجانے کی وجہ سے وہ طیارہ میں سوار نہیں ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے مجھے حادثہ کے بارے میں پتہ چلا ہے، میں کانپ رہی ہوں۔ میں دیڑھ بجے دن ایرپورٹ سے واپس روانہ ہوگئی کیونکہ میری فلائٹ مس ہوچکی تھی۔
میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں۔ بھومی چوہان چھٹیاں منانے ہندوستان آئی ہوئی تھیں۔ طیارہ کے کم از کم 9 ارکانِ عملہ بشمول دونوں پائلٹوں کا تعلق مہاراشٹرا سے تھا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ طیارہ کے پائلٹ کیپٹن سمیت پشکراج سبھروال (56سالہ)، ممبئی کے پوائی علاقہ میں جل وایوویہار کے ساکن تھے اور اپنے معمر والدین کے ساتھ رہتے تھے۔ کوپائلٹ کلائیوکندرممبئی کے مغربی مضافاتی علاقہ کے ساکن تھے۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اِس بات کا پتہ چلا۔
کیبن کے عملہ کا ایک رکن دیپک پاٹھک ضلع تھانے کے پڑوسی ضلع بدلاپور کا ساکن تھا۔ قبل ازیں پاٹھک کی بہن نے بتایا تھا کہ اس نے لندن روانہ ہونے سے پہلے اپنی ماں سے گفتگو کی تھی۔ وہ گزشتہ 11 سال سے ایرانڈیا کے ساتھ کام کررہا تھا۔