پبلک سرویس کمیشن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ، میرٹ کی حامل امیدوار کا تقرر نہ کرنے پرہائیکورٹ کی جانب سے سرزنش
جھارکھنڈ پبلک سرویس کمیشن (جے پی ایس سی) کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے اسسٹنٹ پروفیسر کی جائیداد کے لئے درخواست داخل کرنے والے اہل امیدوار کو مسترد کرنے کی پاداش میں ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔

رانچی (آئی اے این ایس) جھارکھنڈ پبلک سرویس کمیشن (جے پی ایس سی) کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے اسسٹنٹ پروفیسر کی جائیداد کے لئے درخواست داخل کرنے والے اہل امیدوار کو مسترد کرنے کی پاداش میں ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
چیف جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ کی زیرصدارت ڈویژنل بنچ نے جے پی ایس سی کی اپیل خارج کردی اور واحد رکنی بنچ کے حکم کو برقرار رکھا جس کے ذریعہ منوج کمار کشیپ کے تقرر کی ہدایت دی گئی تھی۔ یہ کیس ناگپوری زبان میں چار اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر 2018ء میں بھرتی کی مہم سے تعلق رکھتا ہے۔
کشیپ نے درخواست داخل کی تھی اور امتحان کے مجموعی 85نشانات میں سے 72.10 نشانات حاصل کئے تھے لیکن انٹرویو کیلئے شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں کی فہرست میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ انکوائری کرنے پر کشیپ کو پتہ چلا کہ ان کی درخواست کو مسترد کردیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے آن لائن امتحان کی جو فیس داخل کی تھی وہ تکنیکی غلطی کی وجہ سے جے پی ایس سی تک نہیں پہنچ سکی۔
مسترد کئے جانے والوں کی سرکاری فہرست میں بھی ان کے نام کا تذکرہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہ اِس معاملہ میں بے خبر رہے۔ کشیپ نے اپنے اخراج کو چیالنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں رٹ درخواست داخل کی۔ واحد رکنی بنچ نے حکم دیا کہ انہیں انٹرویو کے عمل میں شامل کیا جائے اور قطعی فیصلہ عدالت کے فیصلہ کے تابع ہوگا۔
جے پی ایس سی نے عدالت کے حکم کی تعمیل کی اور کشیپ انٹرویو میں حاضر ہوئے۔ 23 دسمبر کو قطعی نتائج کا اعلان کیا گیا اور عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ایک عہدہ پر بھرتی نہیں کی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے جے پی ایس سی سے کہا کہ وہ کشیپ کو انٹرویو میں حاصل ہونے والے نشانات مہربند لفافہ میں داخل کرے۔
اِس پر پتہ چلا کہ پورے سلیکشن پراسس میں وہ سرفہرست ہیں۔ اِس صورتحال کا سنگین نوٹ لیتے ہوئے عدالت نے جے پی ایس سی کو حکم دیا کہ وہ اندرون چار ہفتے ایک مخلوعہ جائیداد پر ان کا تقرر کرے۔ عدالت نے کہا کہ تکنیکی غلطی کو انتہائی میرٹ کے حامل درخواست گزار کے تقرر کو مسترد کرنے کی بنیاد نہیں بنایا جاسکتا۔