سنگاریڈی کی فارماکمپنی میں بڑے پیمانے پر لگی آگ
اس واقعہ کی اطلاع فائربریگیڈس کے اہلکاروں کو دی گئی جس کے بعد بڑی تعداد میں فائربریگیڈس کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے لئے کوششیں شروع کردیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کی فارما کمپنی میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ضلع کے گوداپوتارم گاوں میں واقع اس کمپنی میں یہ آگ اُس وقت لگی جب مزدور، سالونٹ کے ٹینکر سے سامان نکال رہے تھے۔
اس سالونت میں اچانک رگڑ سے آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے پھیلنے لگے۔اس واقعہ میں ایک مزدور جھلس گیا جس کو علاج کے لئے فوری طورپر ایمبولنس کے ذریعہ اسپتال منتقل کیاگیا۔
اس واقعہ کی اطلاع فائربریگیڈس کے اہلکاروں کو دی گئی جس کے بعد بڑی تعداد میں فائربریگیڈس کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے لئے کوششیں شروع کردیں۔
اس علاقہ میں دیگر دواساز کمپنیاں بھی ہیں جس کے پیش نظرآگ کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔آگ کے ساتھ کثیف دھواں بھی نکل رہا ہے۔اس واقعہ کے ساتھ ہی کمپنی کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی جو اپنی جان بچانے کے لئے دوڑ پڑے۔اس واقعہ میں بڑے پیمانہ پر مالی نقصان کا خدشہ ہے۔