آندھراپردیش کے مچھلی پٹنم سے تروپتی جانے والی ٹرین میں اچانک آگ لگ گئی،مسافرین میں تشویش
اوڈیشہ میں پیش آئے ٹرین کے حادثہ کو لوگ بھول بھی نہیں پائے تھے کہ آندھراپردیش کے مچھلی پٹنم سے تروپتی جانے والی ٹرین میں اچانک آگ لگ گئی۔
حیدرآباد: اوڈیشہ میں پیش آئے ٹرین کے حادثہ کو لوگ بھول بھی نہیں پائے تھے کہ آندھراپردیش کے مچھلی پٹنم سے تروپتی جانے والی ٹرین میں اچانک آگ لگ گئی۔
پرکاشم ضلع کے ٹنگوٹور اسٹیشن کے قریب اچانک ٹرین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے ساتھ ہی مسافرین میں تشویش کی لہردوڑگئی۔
کئی مسافرین جان بچانے کیلئے کوششیں کرنے لگے۔
کئی مسافرین نے ان کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔ چوکس ریلوے عملہ نے ٹرین کو روکنے میں کامیابی حاصل۔ٹرین کے رکنے کے ساتھ ہی کئی مسافرین جان بچانے کیلئے بڑی ہی تیزی کے ساتھ اترنے لگے۔
بعض مسافرین کے ٹرین سے چھلانگ لگانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ ریلوے عملہ کی جانب سے چوکسی اور آگ پر قابو پانے پر تمام مسافرین نے راحت کی سانس لی۔
اس واقعہ میں کسی کے جھلسنے یاپھر کسی کی موت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ اس واقعہ کے 20منٹ بعد ہی ٹرین کو اس کی منزل کی طرف روانہ کردیاگیا۔
اس ٹرین کے مسافرین نے بتایا کہ اچانک ٹرین کی بوگیوں میں دھواں پھیل گیا جس سے ان کو کافی دشواری کاسامنا کرناپڑا۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹرین کورکوانے اور ریلوے حکام کی فوری چوکسی کے نتیجہ میں ان کی جان بچ پائی۔
ا س واقعہ کا ویڈیو بعض مسافرین نے لیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔اس ویڈیو میں ٹرین میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ریلوے عملہ، آگ بجھانے کا کام کررہا ہے۔
ساتھ ہی مسافرین میں خوف وہراس اور ان کی چیخوں کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔
اس واقعہ کی وجوہات کا ہنوز پتہ نہیں چلا ہے۔ریلوے کے حکام اس واقعہ کی وجوہات معلوم کرنے جانچ کررہے ہیں۔