ماضی کی طرح آج بھی ہم فلسطینی ریاست اور عوام کے ساتھ ہیں: طیب اردغان
اردغان نے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی ترکیہ فلسطینی ریاست اور اس کی برادر عوام کے ساتھ ہے،غزہ کی برادر عوام کےلیے انسانی امداد کی ترسیل جاری ہے

استنبول: صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی ہم فلسطینی ریاست اوربرادر عوام کے ساتھ ہیں۔ صدر اردوغان نے 29 نومبر یوم یک جہتی فلسطین کے عالمی دن کے موقع پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس بات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی ترکیہ فلسطینی ریاست اور اس کی برادر عوام کے ساتھ ہے،غزہ کی برادر عوام کےلیے انسانی امداد کی ترسیل جاری ہے،ہم نے اب تک امدادی سامان سے لدے 12 طیارے اور ایک بحری جہاز العریش پہنچائے ہیں جبکہ 1500 ٹن مزید سامان لے کر ایک دیگر بحری جہاز روانہ کر دیا گیا ہے۔
سرطان کے مرض میں مبتلا بچوں اور دیگر زخمی افراد کی ترکیہ منتقلی بھی عمل میں لائی گئی ہے،غزہ میں ایک گشتی ہسپتال کے قیام کے لیے تکنیکی امور بھی جاری ہیں،ہم یرغمالیوں کی رہائی اور مستقل جنگ بندی کےلیے اپنے روابط جاری رکھیں گے،انشااللہ ان کوششوں میں سرعت لائی جائے گی ۔