سوشیل میڈیا

ہماچل پردیش میں یکساں سیول کوڈ لاگوہوگا: امیت شاہ

یکساں سیول کوڈ پرعمل آوری کے علاوہ بی جے پی نے پہاڑی ریاست کیلئے اپنے انتخابی منشور میں یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ سرکاری نوکریوں اور نئے تعلیمی اداروں میں خواتین کو33 فیصد ریزرویشن ملے گا۔

جسوان۔پراگ پور(ہماچل پردیش): مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اتوار کے دن کہا کہ جئے رام ٹھاکرحکومت پھربرسرِ اقتدارآتی ہے تو ہماچل پردیش میں یکساں سیول کوڈ(یوسی سی) لاگوکیاجائے گا۔ یہاں دوسری الیکشن ریالی سے خطاب میں بی جے پی قائد نے یہ بھی وعدہ کیاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے سسٹم میں بے قاعدگیوں کو دورکیاجائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے جئے رام ٹھاکرسرکار کو منتخب کیاتو میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہماچل پردیش میں یکساں سیول کوڈ لاگوکیاجائے گا۔ کوئی بھی اسے نہیں روک سکتا۔

 یکساں سیول کوڈ پرعمل آوری کے علاوہ بی جے پی نے پہاڑی ریاست کیلئے اپنے انتخابی منشور میں یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ سرکاری نوکریوں اور نئے تعلیمی اداروں میں خواتین کو33 فیصد ریزرویشن ملے گا۔

 امیت شاہ نے عورتوں سے کہا کہ وہ اپنی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ کم ازکم 12 ویں جماعت تک تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان لڑکیوں کو ٹووہیلرکا تحفہ دے گی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ لڑکی صبح میں اسکوٹی چلاکر اسکول جائے گی اور شام میں واپس آتے ہوئے گھر کیلئے ترکاری لے آئے گی۔

 ضلع کانگڑا کے نگروٹا میں قبل ازیں ریالی سے خطاب میں امیت شاہ نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی ہماچل پردیش کے زیریں اور بالائی دونوں حصے جیت لے گی۔ ریاست کے بالائی حصے کانگریس کا روایتی گڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کانگریس کے منشور میں دی گئی انتخابی گارنٹیوں پر بھی طنز کیا اور کہا کہ ہماچل پردیش کے عوام اس پریقین نہیں کریں گے۔ ہماچل پردیش میں الیکشن 12 نومبر کو ہونے والا ہے۔