حسین ساگر میں کشتی سانحہ ٹل گیا۔30سیاح محفوظ، ویڈیو وائرل
ریسکیو کے ساتھ اسپیڈ بوٹس کو فوری متحرک کردیا گیا۔ریسکیو عملہ نے رسیاں پھینک کر کشتی کو باندھ دیا جس سے کشتی سنبھل گئی۔ تمام سیاحوں کو کشتی سے اتار کر اسپیڈ بوٹس کے ذریعہ انہیں ساحل پر پہنچادیا گا اور حیدرآباد بوٹ کلب کی مدد سے کشتی کو گودی تک لایا گیا۔

حیدرآباد: شہر کے مقبول عام تفریح مقام حسین ساگر میں ایک بڑا سانحہ اس وقت ٹل گیا جبکہ30سے زائد سیاحوں کو لے جانے والی ایک کشتی، گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کے درمیان پھنس گئی۔ اگر چیکہ یہ واقعہ منگل کی شب پیش آیا مگر کشی کے ناکارہ ہونے اور بے سمت بہنے کا ایک ویڈیو چہارشنبہ کے روز منظر عام پر آیا۔
محکمہ سیاحت کی جانب سے حسین ساگر میں بھاگمتی کشتی، چلائی جارہی ہے۔ یہ کشتی ساگر کے بیچ پھنس گئی۔ اُس وقت اس پر 30سیاح سوار تھے۔ شہر کے کئی علاقوں میں طوفانی بارش کے دوران یہ کشتی پھنس گئی تھی حسین ساگر کے درمیان واقع بدھا کے مجسمہ سے سیاحوں کو واپس لانے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
یہ کشتی ناقابل استعمال ہوگئی اور یہ حیدرآباد بوٹ کلب کی سمت بہنے لگی جس کے سبب سیاحوں اور عملہ پریشان ہوگیا۔ حسین ساگر کے قریب تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری متعلقہ عہدیداروں کو مطلع کیا جس کی وجہ سے فوری طور پر صورتحال سے نمٹا گیا۔
ریسکیو کے ساتھ اسپیڈ بوٹس کو فوری متحرک کردیا گیا۔ریسکیو عملہ نے رسیاں پھینک کر کشتی کو باندھ دیا جس سے کشتی سنبھل گئی۔ تمام سیاحوں کو کشتی سے اتار کر اسپیڈ بوٹس کے ذریعہ انہیں ساحل پر پہنچادیا گا اور حیدرآباد بوٹ کلب کی مدد سے کشتی کو گودی تک لایا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ کشتی کا انجن ناکارہ ہوگیا تاہم تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم کارپوریشن نے اس کی تردید کی۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ جب کشتی گودی کی طرف پہنچ ری تھی تب کیپٹن نے اس کا انجن بند کردیا تاہم تیز ہواوں کے جھکڑ سے کشتی ہچکولے کھانے لگی اور وہ بے سمت بہنے لگی۔