حیدرآباد

بی آرایس کو25سے زیادہ نشستوں پر کامیابی نہیں ملے گی:ریونت ریڈی

کے سی آر اور کے ٹی آر باپ بیٹے نے کانگریس پارٹی اور خودمیرے(ریونت ریڈی) کے خلاف بہتان تراشی کرتے ہوئے ایوان کا قیمتی وقت ضائع کیا۔ریونت ریڈی نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

حیدرآباد: صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے چیف منسٹرکے سی آر اور ریاستی وزیر کے ٹی راماراؤپر حالیہ اسمبلی اجلاس کوسیاسی پلیٹ فام میں تبدیل کردینے کاالزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کوزیربحث لانے کے لئے کانگریس ارکان کوموقع نہیں دیاگیا۔

 کے سی آر اور کے ٹی آر باپ بیٹے نے کانگریس پارٹی اور خودمیرے(ریونت ریڈی) کے خلاف بہتان تراشی کرتے ہوئے ایوان کا قیمتی وقت ضائع کیا۔ریونت ریڈی آج نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے ایوان اسمبلی میں انقلابی شاعر غدر کوخراج عقیددت پیش نہ کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر پر شدید تنقیدکی اور کہاکہ غدرنے اپنے انقلابی گیتوں اور شاعری  کے ذریعہ عوام میں تلنگانہ کے جذبہ کوابھارنے اور ان میں بیداری پیدا کرنے میں نمایاں رول ادا کیا۔

ریونت ریڈی نے انہیں صدر تلگودیشم چندرابابونائیڈو کاشاگرد(چیلہ) قراردینے اسمبلی میں کے ٹی آر کے بیان کی شدید مذمت کی اورکہاکہ میں چندرابابو کا شاگرد نہیں بلکہ ان کی پارٹی کاایک ساتھی تھا۔

ریونت ریڈی نے کہاکہ میں نے ایم ایل سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد تلگودیشم میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن تلگودیشم میں کے سی آرچندرابابونائیڈوکے پیروکارکی طورپر سیاست شروع کی تھی۔تلگودیشم میں کے سی آر کی کوئی اہمیت نہیں تھی۔

 تلنگانہ تحریک سے میری وابستگی ابتداء ہی سے رہی ہے میں نے ایوان اسمبلی میں ہمیشہ تلنگانہ کے مسائل پر آواز بلند کی لیکن جب کے سی آر چندرابابو نائیڈوکے ساتھ تھے توانہوں نے جی او 610 پر تلنگانہ کے مفادات کونقصان پہنچانے کا کام کیا تھا۔

 ریونت ریڈی نے کہاکہ 13 جون 2014 کوکے سی آر نے قانون ساز اسمبلی میں اس بات کااعتراف کیاتھا کہ تلنگانہ ریاست صرف سونیاگاندھی کی وجہ سے ہی قیام عمل میں آسکتی ہے لیکن اب وہ کانگریس اور ریونت ریڈی کوتلنگانہ کی تشکیل میں رکاوٹ بننے کا کس طرح الزام عائد کرسکتے ہیں جبکہ میں نے 2011 میں اسمبلی میں گورنر کی تقریر کے دوران تلنگانہ کے لئے رکاوٹ ڈالتے ہوئے احتجاج کیاتھا۔

اس روز مجھے ایوان سے باہر کردیاگیا تھا۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ کیا آپ تلنگانہ کی تشکیل پر ٹی آر ایس کوکانگریس میں ضم کرنے کی بات بھول گئے؟ اگر کانگریس تلنگانہ نہ دیتی تو آپ کا خاندان بھیک مانگتا تھا۔

 ریونت ریڈی نے بتایا کہ غدر نے انتقال سے قبل کہاتھا کہ وہ کے سی آر سے ہوشیاررہیں۔غدر نے بتایا کہ بی جے پی اورٹی آرایس دونوں ایک ہیں۔ چنانچہ وہ دونوں پارٹیوں کے خلاف حکمت عملی سے کام کریں۔

صدرکانگریس نے کہاکہ وہ بی آر ایس کواقتدار سے بیدخل کرنے غدر کی آخری خواہش کوپورا کرنے جدوجہد کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس کو آئندہ انتخابات میں 25سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔اس لئے کے سی آر اورکے ٹی آر کانگریس کے خلاف مسلسل حملہ کررہے ہیں۔

 صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے کے سی آرپرتلنگانہ کے عوام کودھوکہ دینے کاالزام عائد کرتے ہوئے انہیں اس مسئلہ پر شہیدان تلنگانہ مارگ پرکھلے عام مباحث کاچیالنج کیااور کہاکہ اگروہ مباحث کیلئے نہیں آسکتے ہیں توکے ٹی راما راؤ یا ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کومباحث کیلئے بھیجیں۔

a3w
a3w