قومی

ذات پات کی مردم شماری، مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے کا عزم۔ بی جے پی کی جانب سے بڑی مہم شروع کرنے کا اعلان

اترپردیش بی جے پی مائنا ریٹی مورچہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ پارٹی آنے والی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے بارے میں خاص طور پر مسلم برادری کو درست معلومات فراہم کرنے ایک ریاست گیر مہم عنقریب شروع کرے گی ۔

لکھنؤ (پی ٹی آئی) اترپردیش بی جے پی مائنا ریٹی مورچہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ پارٹی آنے والی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے بارے میں خاص طور پر مسلم برادری کو درست معلومات فراہم کرنے ایک ریاست گیر مہم عنقریب شروع کرے گی ۔

اس نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کا فارم پُر کرتے وقت اپنی ذات کی صحیح تفصیلات درج کریں اور علماء یا اپوزیشن قائدین کی باتوں سے گمراہ نہ ہوں جو مبینہ طور پر عوام سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ اپنی ذات کے بجائے مذہب کا اندراج کریں ۔ یوپی اقلیتی مورچہ کے صدر کنور باسط علی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے ۔

ہم عنقریب ریاست گیر مہم شروع کریںگے تاکہ آنے والی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے بارے میں خاص طور پر مسلمانوں کو درست معلومات فراہم کرسکیں ۔ اب تک مسلمانوں کا محض ایک مذہبی گروپ کی حیثیت سے اندراج کیا جاتا رہا ہے ، جس کے نتیجہ میں اس برادری کے اندر گہرے سماجی و معاشی تفاوت کو منظر عام پر نہیں لایا جاسکا ۔

یہ ذات پات پر مبنی مردم شماری مختلف مسلم ذاتوں کے حقیقی موقف کا انکشاف کرے گی اور مؤثر پالیسی سازی و سماجی انصاف کی فراہمی میں مدد کرے گی ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ بعض سخت گیر مذہبی قائدین ، مسلمانوں کو یہ کہتے ہوئے الجھن میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ ذات کے بجائے اسلام لکھیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے اس پوری مشق کا مقصد فوت ہوجائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ یہ ذات پات کی مردم شماری ہے مذہبی مردم شماری نہیں ۔ ذات ، ثقافت کا حصہ ہوتی ہے مذہب کا نہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ ایسی گمراہ کرنے والی مہمات کے خلاف سختی کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں ۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ ہندوستان کی تقریباً 85 فیصد مسلم آبادی پسماندہ برادریوں پر مشتمل ہے ۔ ذات پات پر مبنی مردم شماری کے ڈیٹا سے انہیں بے حد فائدہ پہنچے گا ۔

باسط علی نے اپوزیشن سماج وادی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی اور کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ تاریخی طور پر مسلمانوں کو گمراہ کرتی رہی ہیں لیکن اس مرتبہ مسلمان ان کے منصوبوں کو سمجھ چکے ہیں اور اب وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کا ساتھ دے رہے ہیں ۔

علی نے اعلان کیا کہ بی جے پی اقلیتی مورچہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مردم شماری کے بارے میں صحیح معلومات ریاست کے ہر گھر تک پہنچیں ۔ انھوں نے بتایا کہ نوجوانوں تک رسائی حاصل کرنے ایک بڑی ڈیجیٹل مہم چلانے کا بھی منصوبہ ہے جو مسلم نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرے گی ۔