حیدرآباد

جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں طالبات کیلئے پکوان اور کھیلوں کے مقابلے، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب

ڈاکٹر رفعت سیما نے اس موقع پر احادیث کے حوالے سے بتایا کہ صحت مند مؤمن مرد ہو یا عورت، وہ اللہ کے نزدیک جسمانی اعتبار سے کمزور مؤمن کے مقابلے میں زیادہ عزیز ہے کیونکہ صحت مند مؤمن زندگی کے ہر محاذ پر کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کر سکتا ہے

حیدرآباد: چلڈرنس ڈے کے موقع پر 14نومبر کو جامعہ راحت عالم للبنات میں طالبات کے لئے حسب سابق پکوان اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے، پکوان کے مقابلے میں یہ شرط تھی کہ طالبات بغیر چولہے کی مدد کے فوری طور پر بنائے جانے والے پکوان مقررہ وقت کے اندر بناکر دکھائیں۔ طالبات نے دو دو کی ٹیم کے ذریعہ اس مقابلہ میں حصہ لیا۔ اسی طرح اِن ڈور گیمز کی شکل میں کھیلوں کا مقابلہ بھی رکھا گیا ۔ جیتنے والی ٹیموں میں اول آنے والوں کو انعامات دئیے گئے ۔

متعلقہ خبریں
ضلع کاماریڈی میں طالبات کو دفاع کیلئے تربیت کا فیصلہ

اس موقع پر نگران جامعہ ڈاکٹر رفعت سیما صاحبہ نے طالبات کی ہمت افزائی کرتے ہوئے انکو نصیحت کی کہ لڑکیوں کے لئے جس طرح علم دین کا حصول فرض ہے تاکہ وہ اپنے گھر اور خاندان اور اپنی نسلوں کی صحیح طریقے سے تعلیم و تربیت کرسکیں وہیں بہترین پکوان، صحت مند غذا اور گھرداری کے اصولوں سے واقف ہونا بھی ضروری ہے تاکہ وہ  اپنے گھر اور خاندان کے لئے راحت و رحمت بن سکیں،  پھر اس کے ساتھ ساتھ خود انکا بھی صحت مند رہنا ازحد ضروری ہے کیونکہ صحت مند ماں ہی صحت مند نسلوں کو جنم دے سکتی ہے

ڈاکٹر رفعت سیما نے اس موقع پر احادیث کے حوالے سے بتایا کہ صحت مند مؤمن مرد ہو یا عورت،  وہ اللہ کے نزدیک جسمانی اعتبار سے کمزور مؤمن کے مقابلے میں زیادہ عزیز ہے کیونکہ صحت مند مؤمن زندگی کے ہر محاذ پر کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کر سکتا ہے ، اللہ کے رسول کے زمانے میں تیر اندازی،  تلوار بازی اور شہہ سواری کے مقابلے ہوتے تھے۔

اور انعامات کے ذریعہ صحابہ کی ہمت افزائی کی جاتی تھی،  لہذا خواتین کو بھی اپنے آپ کو دینی لحاظ سے اور جسمانی اور گھریلو اعتبار سے جو جو فنون انکے  لئے میدان عمل میں کام آسکتے ہیں ان سب سے آراستہ ہونے کی ضرورت ہے ،اسی کی تعلیم ہمیں رسول اللہ کی سیرت سے ملتی ہے اور صحابیات کے واقعات سے بھی ہمیں یہی درس ملتا ہے۔

   اس موقع پر معلمات جامعہ ھذا محترمہ شہناز صاحبہ اور محترمہ ثناء انجم صاحبہ کے ہاتھوں جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ عالمہ دوم و سوم کی ٹیموں کو جس میں طالبہ عظمی ناز اور شبینہ یاسمین اور دوسری ٹیم رخسار اور سمیہ کو پکوان میں انعام دیا گیا جبکہ کھیلوں کے مقابلے میں ثانیہ اور یاسمین کو انعامات دئے گئے۔ڈاکٹر رفعت سیما صاحبہ کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا