شمالی بھارت

مین پوری سے ڈمپل کو فیصلہ کن سبقت، رامپور سیٹ پر بی جے پی کا قبضہ یقینی

یادو خاندان کے لئے وقار کا مسئلہ بنی مین پوری پارلیمانی سیٹ پر ڈمپل یادو کی جیت تقریبا یقینی ہوچکی ہے۔ یادو اور شاکیہ اکثریتی اس سیٹ پر جیت کی مہک کے ساتھ ہی ایس پی حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا ہے۔

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کا قلعہ سمجھی جانے والی پارلیمانی سیٹ پر قبضہ کرنے کی بی جے پی کی کوششیں ناکام ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ یہاں ضمنی الیکشن میں جاری کاونٹنگ میں پارلیمانی حلقے مین پوری پر ایس پی امیدوار ڈمپل یادو نے فیصلہ کن سبقت حاصل کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن سے موصول تازہ رجحانات کے مطابق مین پوری سیٹ پر ایس پی امیدوار نے بی جے پی کے رگھوراج سنگھ شاکیہ پر فیصلہ کن سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ ضلع مظفر نگر کی کھتولی اسمبلی سیٹ پر راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے مدن بھیا سے بی جے پی کی راج کماری سینی تقریبا 12ہزار ووٹوں سے پیچھے چل رہی ہیں۔

وہیں اعظم ۔بی جے پی کے لئے وقار کی سیٹ رامپور سے بی جے پی کے لئے راحت بھری خبر ہے۔ اس سیٹ سے بی جے پی امیدوار آکاش سکسینا نے ایس پی امیدوار عاصم راجا پر سبقت حاصل کرلی ہے۔

تازہ اعداد کے مطابق بی جے پی امیدوار آکاش سکسینا کو 35091ووٹ جبکہ ایس پی امیدوار عاصم راجا کو31930ووٹ ملے ہیں۔ عاصم راجا تقریبا 3ہزار ووٹوں سے پیچھے چل رہے ہیں۔

وہیں یادو کنبے کے لئے وقار کا مسئلہ بنی مین پوری پارلیمانی سیٹ پر ڈمپل یادو کی جیت تقریبا یقینی ہوچکی ہے۔ یادو اور شاکیہ اکثریتی اس سیٹ پر جیت کی مہک کے ساتھ ہی ایس پی حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا ہے۔ تازہ اعداد کے مطابق ڈمپل یادو کو 497352 اور بی جے پی امیدوار رگھوراج شاکیہ کو 259023 ووٹ ملے ہیں۔

وہیں مظفر نگر کے کھتولی اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راج کماری کو 47150 اور آر ایل ڈی امیدوارمدن بھیا کو 58477 ووٹ ملے ہیں۔ انہوں نے تقریبا 12ہزار ووٹوں کی سبقت حاصل کرلی ہے۔