یوروپ

ترکی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے، ایک شخص ہلاک، 69 زخمی

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ملاتیا صوبے کے ییلورٹ ضلع میں واقع تھا۔

انقرہ: ترکی میں پیر کو درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور 69 دیگر زخمی ہو گئے۔

متعلقہ خبریں
ترکیہ نے 15 لاکھ بے گھر افراد کیلئے دوبارہ تعمیر شروع کر دی
ترکیہ میں ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کی کوششیں ختم
ترکیہ اور شام زلزلے میں اموات کی تعداد 41 ہزار ہوگئی

تین ہفتے قبل ملک میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں 44,000 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) نے کہا کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ملاتیا صوبے کے ییلورٹ ضلع میں واقع تھا، جو پہلے ہی 6 فروری کو طاقتور زلزلے سے لرز چکا ہے۔ گزشتہ زلزلے سے تباہ ہونے والی کل 25 عمارتیں پیر کو ڈھادی گئیں۔

واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکی کے جنوبی صوبے کہرامنماراس میں مقامی وقت کے مطابق صبح 4:17 پر 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا، اس کے چند منٹ بعد ملک کے جنوبی صوبے غازیانٹیپ میں 6.4 اور صوبہ کہرامانماراس میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1:24 پر7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

اس کے بعد 20 فروری کو جنوبی ترکی کے صوبہ ہاتائے میں مزید دو زلزلے آئے جس میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔