وقف ترمیمی قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں مہاراشٹرسے پہلی عرضی داخل
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ نے وقف (ترمیمی) بل 2024 کو منظور کیا تھا، جس کے تحت وقف ایکٹ 1995 میں ترمیم کی گئی۔ اس کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس پر دستخط کیے، اور اسے مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے نافذ کر دیا۔

ممبئی: یونیفائیڈ مینجمنٹ ایمپاورمنٹ ایفیشینسی اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ 2025، جسے "UMEED” کے طور پر جانا جا رہا ہے، کے خلاف ممبئی کے رہائشی محمد جمیل مرچنٹ نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر دی ہے۔ یہ عرضی اس نئے قانون کو چیلنج کرنے والی ممبئی سے پہلی درخواست ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ نے وقف (ترمیمی) بل 2024 کو منظور کیا تھا، جس کے تحت وقف ایکٹ 1995 میں ترمیم کی گئی۔ اس کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس پر دستخط کیے، اور اسے مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے نافذ کر دیا۔
محمد جمیل مرچنٹ، جو ایک غیر سیاسی شخصیت ہیں اور دو مساجد کے ذمہ دار بھی ہیں، کی جانب سے دائر کردہ عرضی میں وزارت داخلہ، وزارت اقلیتی امور، اور وزارت قانون و انصاف کے ذریعے یونین آف انڈیا کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس درخواست میں وکیل اعجاز مقبول اور وکیل برہان بخاری بطور وکلائے صفائی پیش ہوئے ہیں۔
عرضی گزار نے درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی دفعات کو غیر آئینی قرار دے یا کوئی ایسا حکم جاری کرے جو موجودہ حالات میں مناسب اور موزوں ہو۔ اس درخواست میں کے ایس پٹسوامی بمقابلہ یونین آف انڈیا کیس کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ترمیمی ایکٹ ایک ایسی صورتحال پیدا کرتا ہے جہاں اگر کسی وقف کی درستگی کو چیلنج کیا جائے، تو عدالتوں کو آباد کار کی ذاتی زندگی، جیسے نماز، روزہ، حج جیسے امور پر تفصیلی جانچ اور شواہد کی ریکارڈنگ کرنی پڑے گی، جو نہ صرف غیر ضروری بلکہ مذہبی آزادی پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ ترمیمی قانون کے تحت بورڈ کے 10 ارکان کا مسلمان ہونا لازم ہے، جب کہ باقی 11 ارکان کسی بھی مذہب یا برادری سے ہو سکتے ہیں۔ اس کے برعکس غیر ترمیم شدہ وقف ایکٹ کی دفعہ 16 (الف) اور دفعہ 14 کے مطابق تمام ارکان کا مسلمان ہونا ضروری تھا۔ ترمیم شدہ قانون کے تحت ریاستی اور دہلی وقف بورڈ میں صرف 7 مسلمان اراکین کی اجازت دی گئی ہے۔
درخواست میں اس بات پر بھی اعتراض کیا گیا ہے کہ بورڈ کے سی ای او کے مسلمان ہونے کی شرط کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ اس طرح ایسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے جہاں وقف بورڈ کی قیادت ایک غیر مسلم چیئرمین اور غیر مسلم سی ای او کریں، اور مسلمان ارکان اقلیت میں رہیں، جن کی اپنی ہی برادری کے مذہبی اور فلاحی ٹرسٹ کے نظم و نسق میں کوئی مؤثر آواز باقی نہ رہے۔
عرضی گزار کے مطابق ترمیمی ایکٹ کی وہ دفعہ 21، جو اب دفعہ 36 (7) کی جگہ لی ہے، بھی غیر آئینی ہے۔ سابقہ دفعہ کے مطابق وقف کی رجسٹریشن کے لیے دی گئی درخواست کی تفصیلات کی بورڈ کے ذریعے صداقت اور درستگی کی جانچ کی جاتی تھی، جب کہ نئی ترمیم کے مطابق کلکٹر کو اس اسکیم کے ساتھ درخواست داخل کرنے کی پابندی نہیں ہے۔
اس تبدیلی سے وقف املاک کے انتظام میں ہم آہنگی کی بجائے ایک متوازی اختیاری نظام وجود میں آتا ہے، جو انتظامی تاخیر اور پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔درخواست میں سپریم کورٹ سے ان تمام نکات کا نوٹس لینے اور مناسب آئینی رہنمائی فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔