تیندوے کے حملے سے بچی کی موت، اب تک چار افراد ہلاک
راجستھان میں ادے پور ضلع کے گوگندا تھانہ علاقہ کے قبائلی اکثریتی گاؤں کنڈاؤ میں تیندوے کے حملے سے چھ سالہ بچی کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
ادے پور: راجستھان میں ادے پور ضلع کے گوگندا تھانہ علاقہ کے قبائلی اکثریتی گاؤں کنڈاؤ میں تیندوے کے حملے سے چھ سالہ بچی کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کنڈاؤ گاؤں کے گمیر لال گامٹی کی چھ سالہ لڑکی سورج بدھ کی شام تقریباً چھ بجے نالے کے پاس تھی۔ اسی دوران گھات میں بیٹھے تیندوے نے اسے پکڑ لیا اور جنگل میں لے گیا۔ جب واقعے کے وقت موجود دیگر بچوں نے شور مچایا تو گاؤں والوں نے لڑکی کی تلاش کی تو کچھ ہی فاصلے پر اس کا کٹا ہوا ہاتھ اور آدھا جسم ملا۔
اس وقت موقع پر صرف دو تین لوگ ہی تھے۔ اسی دوران تیندوا واپس آیا اور بچی کی لاش اٹھا کر جنگل میں لے گیا۔ گاؤں والوں کی بڑی تعداد نے رات کے وقت لڑکی کی لاش کی تلاش کی لیکن وہ نہیں ملی۔
جمعرات کی صبح پھر گاؤں والوں، محکمہ جنگلات اور پولیس اہلکاروں نے لڑکی کی لاش کی تلاش کی۔
قابل ذکر ہے کہ اس علاقے میں تیندوے کی دہشت ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں تیندوے کے شکار کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ اب تک تیندوا چار افراد کی جان لے چکا ہے۔ محکمہ جنگلات نے منگل کو پنجرے لگا کر دو تیندووں کو پکڑ لیا تھا لیکن تیندووں کے انسانوں پر حملہ کرنے کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔