دردناک حادثہ: 5 سالہ معصوم بچہ پر وزنی لوہے کی گیٹ گرنے سے موت، ویڈیو وائرل
متوفی بچے کی شناخت نودیپ کے طور پر ہوئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معصوم بچہ پڑوس میں نصب لوہے کے ایک پرانے گیٹ پر چڑھ کر کھیل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک خستہ حال گیٹ ٹوٹ کر اس کے اوپر آ گرا۔
لکھنؤ: اترپردیش کے شہر نوئیڈا کے گیزھا گاؤں میں ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں پانچ سالہ معصوم بچے کی بھاری بھرکم لوہے کا گیٹ گرنے سے دردناک موت ہوگئی۔ اس ہولناک واقعے کی ویڈیو قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی، جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً 9 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ متوفی بچے کی شناخت نودیپ کے طور پر ہوئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معصوم بچہ پڑوس میں نصب لوہے کے ایک پرانے گیٹ پر چڑھ کر کھیل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک خستہ حال گیٹ ٹوٹ کر اس کے اوپر آ گرا۔
ویڈیو میں یہ منظر بھی دکھائی دیتا ہے کہ گیٹ گرتا دیکھ کر بچہ خوفزدہ ہو کر بھاگنے کی کوشش کرتا ہے، مگر وہ خود کو بچا نہیں پاتا اور بھاری گیٹ کے نیچے دب جاتا ہے۔
حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور بچے کو گیٹ کے نیچے سے نکالنے کی کوشش کی، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور معصوم دم توڑ چکا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا گیٹ کافی پرانا تھا۔ اس دلخراش واقعے کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔
اس دردناک واقعے نے ایک بار پھر رہائشی علاقوں میں لگی پرانی اور خستہ حال تعمیرات کی حفاظت پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد لگے بھاری گیٹ یا دیواروں کی مضبوطی کا باقاعدگی سے معائنہ کریں تاکہ ایسے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔