قومی

ہیمنت شرما، جناح ٹائپ کی سیاست کررہے ہیں: گورو گوگوئی

صدر آسام پردیش کانگریس گورو گوگوئی نے جمعہ کے دن الزام عائد کیاکہ بی جے پی‘ آر ایس ایس‘ وی ایچ پی اور بجرنگ دل میں مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ہیں جو اسمبلی الیکشن سے قبل اپنی حکومت کی ناکامیاں چھپانے کے لئے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں۔

گوہاٹی (پی ٹی آئی) صدر آسام پردیش کانگریس گورو گوگوئی نے جمعہ کے دن الزام عائد کیاکہ بی جے پی‘ آر ایس ایس‘ وی ایچ پی اور بجرنگ دل میں مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ہیں جو اسمبلی الیکشن سے قبل اپنی حکومت کی ناکامیاں چھپانے کے لئے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں۔

انہوں نے چیف منسٹر ہیمنت بشوا شرما پر جناح ٹائپ کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور زور دے کر کہاکہ کانگریس اس شمال  مشرقی ریاست میں ایسا نہیں ہونے دے گی۔ گوہاٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں گوگوئی نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کی جائیں کہ ریاست میں عام مقامات اور مذہبی اداروں میں بیف اور گائے کے اعضاء رکھنے کے آئیڈیا کے پیچھے کون لوگ ہیں۔

اس سلسلہ میں گرفتار تمام افراد کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن یہ بھی معلوم کرنا ضروری ہے کہ ان کے دماغوں میں یہ آئیڈیا کس نے ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں الیکشن ہونے والا ہے‘حکومت کی ناکامیاں چھپانا ہے‘ یہ ان لوگوں کی حکمت عملی ہے۔ بی جے پی‘ آر ایس ایس‘ وی ایچ پی اور بجرنگ دل میں مجرمانہ ذہنیت کے بعض لوگ ہیں جو الیکشن سے قبل ایسا کرنے کی کوشش میں ہیں۔

ہمارا اصل مقصد یہ ہے کہ ریاست میں کسی کو بھی فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے نہ دیا جائے۔ ہم نے دیکھ لیا ہے کہ بی جے پی کی وجہ سے منی پور میں کیا ہوا۔ ہم آسام میں ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ چیف منسٹر آسامی جناح کی طرح کام کررہے ہیں۔ ہم جناح ٹائپ کی راج نیتی ہونے نہیں دیں گے۔ کانگریس قائد نے چیف منسٹر شرما سے پوچھا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جو اعلان کیا تھا اس سلسلہ میں کیا پیشرفت ہوئی۔ امیت شاہ نے کہا تھا کہ ریاست میں ہر سال درپیش سیلاب کا مسئلہ حل کرنے کے لئے تالاب کھودے جائیں گے۔ گورو گوگوئی نے پوچھا کہ یہ تالاب کہاں کھودے گئے‘ ہم انہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ ہم دیکھنا چاہتے ہیں یہ تالاب کہاں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ وہ اپنی اراضی کا عطیہ دیں گے لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ بوڈو‘ کربی اور دیگر قبائل کی زمینیں چھینی جارہی ہیں۔ کانگریس قائد نے بے روزگاری اور وادی ئبارک میں انفرااسٹرکچر مسائل پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سبھی کے لئے ہے۔ ہم غیرانسانی بے دخلی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ ہم عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی آسام میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہونے نہیں دے گی۔ وہ نہیں چاہتی کہ آسام کے حالات منی پور جیسے ہوں۔