حیدرآباد: آؤٹر رنگ روڈ پر خطرناک سفر، کار کی ڈگی میں بچوں کو بٹھا کر تیز رفتاری سے ڈرائیونگ
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی سائبر آباد پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے کار کے نمبر پلیٹ کی بنیاد پر گاڑی کے مالک کی شناخت کر لی ہے اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
حیدرآباد: شہر کے آؤٹر رنگ روڈ (ORR) پر ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑانے اور معصوم بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار کی پچھلی ڈگی (Trunk) کھلی ہوئی ہے اور اس میں چھوٹے بچے بیٹھے ہوئے ہیں۔
وائرل ویڈیو کے مطابق، ایک بلو رنگ کی کار آؤٹر رنگ روڈ پر انتہائی تیز رفتاری سے دوڑ رہی تھی۔ کار کی ڈگی آدھی کھلی ہوئی تھی اور اس کے اندر تین چھوٹے بچے بیٹھے ہوئے تھے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کار کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ ذرا سی لغزش یا جھٹکے سے بچے سڑک پر گر سکتے تھے، لیکن ڈرائیور نے انسانی جانوں کی پرواہ کیے بغیر گاڑی چلانا جاری رکھا۔ پیچھے آنے والی ایک دوسری کار میں سوار مسافروں نے یہ منظر اپنے کیمرے میں قید کر لیا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی سائبر آباد پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے کار کے نمبر پلیٹ کی بنیاد پر گاڑی کے مالک کی شناخت کر لی ہے اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ بچوں کی جان کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈالنے والا مجرمانہ فعل ہے۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
حیدرآباد کا آؤٹر رنگ روڈ اپنی تیز رفتاری کے لیے جانا جاتا ہے، جہاں گاڑیوں کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ ٹریفک پولیس نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت کے معاملے میں انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ محض تفریح یا جگہ کی کمی کی وجہ سے بچوں کو ڈگی میں بٹھانا کسی بڑے حادثے کو دعوت دینا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کی فوری کارروائی کی ستائش کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ گاڑی کے مالک کو ایسی سخت سزا دی جائے جو دوسروں کے لیے عبرت کا باعث بنے۔