حیدرآباد: غیر مجاز ریسٹورنٹ مہربند۔جی ایچ ایم سی کی کارروائی
شہرحیدرآباد کے علاقہ جوبلی ہلز میں ایک غیر مجاز ریسٹورنٹ کو جی ایچ ایم سی(گریٹرحیدرابادمیونسپل کارپوریشن) کے ٹاؤن پلاننگ حکام نے مہربند کر دیا۔ یہ کارروائی ہائی کورٹ کے احکامات کی بنیاد پر کی گئی۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے علاقہ جوبلی ہلز میں ایک غیر مجاز ریسٹورنٹ کو جی ایچ ایم سی(گریٹرحیدرابادمیونسپل کارپوریشن) کے ٹاؤن پلاننگ حکام نے مہربند کر دیا۔ یہ کارروائی ہائی کورٹ کے احکامات کی بنیاد پر کی گئی۔
یہ ریسٹورنٹ روڈ نمبر 51، پلاٹ نمبر 1014C، جوبلی ہلز کوآپریٹو سوسائٹی میں چلایا جا رہا تھا۔ ٹاؤن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ، جوبلی ہلز کی جانب سے اس عمارت کو مہربند کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، عمارت کو مہر بند کرتے وقت کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیہ کے مطابق، یہ کارروائی ہائی کورٹ کے مورخہ 4 مارچ 2025 کو جاری کردہ حکم نامہ کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اس تعمیر کے خلاف ماضی میں متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں، جن پر 2019 میں نوٹسس بھی جاری کیے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں 13 مارچ اور 16 اپریل 2025 کو اس معاملہ کی تفصیلی جانچ کی گئی جس میں یہ ثابت ہوا کہ متعلقہ افراد نے بغیر اجازت کے ریسٹورنٹ چلایا اور رہائشی علاقہ میں کمرشل سرگرمیاں انجام دیں جو کہ قانوناً سخت ممنوع ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کے باعث اس عمارت کو مہر بند کر دیا گیا ہے۔