کرناٹکسوشیل میڈیا

اکلوتے بیٹے کی قبر پر باپ کا ماتم — چیخوں نے سب کو رُلا دیا (ویڈیو)

یہ واقعہ اب صرف ایک عددی سانحہ نہیں رہا، بلکہ 11 خاندانوں کے لیے ایسا زخم بن گیا ہے جو زندگی بھر نہ بھر سکے گا۔ ان میں سے ایک نوجوان، 21 سالہ بھومِک لکشمن بھی تھا، جس کی اچانک موت نے سب کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔

بنگلور: آئی پی ایل 2025 میں رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کی تاریخی جیت کے بعد بنگلور میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی، لیکن یہ جشن ایک قیامت خیز سانحے میں بدل گیا، جب چنّاسوامی اسٹیڈیم کے باہر جمع ہزاروں افراد کی بھیڑ پر قابو نہ پایا جا سکا، اور بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ درجنوں شدید زخمی ہوئے۔

یہ واقعہ اب صرف ایک عددی سانحہ نہیں رہا، بلکہ 11 خاندانوں کے لیے ایسا زخم بن گیا ہے جو زندگی بھر نہ بھر سکے گا۔ ان میں سے ایک نوجوان، 21 سالہ بھومِک لکشمن بھی تھا، جس کی اچانک موت نے سب کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔

ہاسن ضلع کے رہائشی بی ٹی لکشمن اپنے اکلوتے بیٹے کی قبر سے لپٹے بلک بلک کر رو رہے ہیں۔ وہ چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں: "اب میں کہیں نہیں جانا چاہتا، بس یہیں رہنا چاہتا ہوں…”۔ یہ دردناک منظر ایک وائرل ویڈیو میں سامنے آیا ہے جو کہ تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل رہا ہے اور غم و غصے کی علامت بن چکا ہے۔

کسی خاندان کے اس ناقابلِ تلافی نقصان پر سیاست بھی شدت اختیار کر گئی ہے۔ بی جے پی کے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں بی ٹی لکشمن اپنے بیٹے کی قبر پر رو رہے ہیں۔ پارٹی نے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا:

"قاتل وزیراعلیٰ @siddaramaiah، قاتل DCM @DKShivakumar! اگر جیت کا جشن منانا ہی تھا تو اپنے بچوں اور نواسوں کے ساتھ کسی ہوٹل میں کپ لے کر تصویریں کھنچوا لیتے۔ اسمبلی کی سیڑھیوں پر فوٹو لینے کی ضد نے 11 خاندانوں کو ہمیشہ کے لیے برباد کر دیا۔ کیا آپ اس باپ کو اس کا بیٹا واپس لا سکتے ہیں؟”

وزیراعلیٰ سدارامیا نے واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی ہے، تاہم متاثرین اور اپوزیشن کا الزام ہے کہ یہ محض سرکاری غفلت کو چھپانے کی کوشش ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ایونٹ ٹیم کے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے علاوہ کیرنٹاکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (KSCA) کے صدر رگھو رام بھٹ اور دیگر عہدیداروں نے ہائی کورٹ میں ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

KSCA کی طرف سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ مکمل طور پر غیر متوقع تھا اور جشن منانے کا فیصلہ حکومت کا تھا۔ ایسوسی ایشن نے صرف اسٹیڈیم بطور وینیو فراہم کیا تھا، عوامی ہجوم کو کنٹرول کرنا ان کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔