میں نے ریٹائرمنٹ سے پہلے بھی پلوامہ مسئلہ اُٹھایا تھا: ستیہ پال ملک
ستیہ پال ملک نے راجستھان کے سیکر میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ میں نے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد یہ مسئلہ اٹھایا۔ میں نے حملہ کے دن بھی سوال اٹھایا تھا۔ فروری 2019 میں جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سیکوریٹی فورسس کے قافلہ پر حملہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے 40جوان مارے گئے تھے۔

جئے پور: سابق گورنر جموں وکشمیر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ یہ کہنا ”غلط“ ہے کہ وہ ریٹائر ہونے کے بعد ہی پلوامہ دہشت گرد حملہ (2019) پر سوالات اٹھارہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ وہ (ستیہ پال ملک) ہم سے راہیں جدا کرلینے کے بعد الزامات عائد کررہے ہیں۔
ستیہ پال ملک نے راجستھان کے سیکر میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ میں نے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد یہ مسئلہ اٹھایا۔ میں نے حملہ کے دن بھی سوال اٹھایا تھا۔ فروری 2019 میں جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سیکوریٹی فورسس کے قافلہ پر حملہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے 40جوان مارے گئے تھے۔
ستیہ پال ملک نے جو اُس وقت جموں وکشمیر کے گورنر تھے‘ حال میں الزام عائد کیا تھا کہ انٹلیجنس ناکامی کی وجہ سے حملہ ہوا۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے جوانوں کی منتقلی کے لئے طیارہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ پیر کے دن ستیہ پال ملک نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ‘ وزیراعظم کے عہدہ کے لئے سنجیدہ امیدوار ہیں اور مقدر میں ہے تو وہ وزیراعظم بن کر رہیں گے۔
آئندہ سال لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کے امکانات کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں لیکن سیاست اور الیکشن میں کوئی نہیں جانتا کیا ہوگا۔ موجودہ صورتِ حال بی جے پی والوں کے لئے کٹھن ہے‘ انہیں کچھ کرنا ہوگا۔
ستیہ پال ملک نے دعویٰ کیا کہ اڈانی مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی انہیں نقصان پہنچائے گی۔ وزیراعظم کو پلوامہ مسئلہ پر بھی بولنا چاہئے۔ راجستھان کے تناظر میں جہاں جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے‘ ستیہ پال ملک نے کہا کہ بی جے پی نے وسندھرا راجے کو امیدوارِ چیف منسٹری کے طورپر ابھارا تو اس کی جیت کے امکانات بڑھ جائیں گے۔