ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے قریب نماز کی ادائیگی، بزرگ خاتون کی گرفتاری، مقدمہ درج (ویڈیو)
اترپردیش کے ضلع حمیر پور میں ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے قریب نماز ادا کرنے پر پیر کے روز ایک بزرگ خاتون کو کچھ دیر کے لئے حراست میں لے لیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

نئی دہلی (منصف نیوزڈیسک) اترپردیش کے ضلع حمیر پور میں ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے قریب نماز ادا کرنے پر پیر کے روز ایک بزرگ خاتون کو کچھ دیر کے لئے حراست میں لے لیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
71سالہ منّی کے نماز ادا کرنے اور سجدہ کرنے کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے ساتھ ہی پولیس حرکت میں آگئی۔ اس خاتون کو حراست میں لے لیا گیا لیکن کچھ دیر بعد یہ پتہ چلنے پر کہ وہ ذہنی طور پر غیر متوازن ہیں، اسے رہا کردیا گیا۔
ایک عہدیدار نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ 31مارچ کو حمیرپور میں ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے احاطہ میں ایک خاتو ن کے نماز پڑھنے کی خبر مختلف سوشیل میڈیا کے ذریعہ شائع کی گئی۔
اس خبر کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر صدر علاقہ کے سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اس خاتون کے خلاف ایک کیس درج کرلیا اور مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کے دفتر پر تعینات ہوم کارڈس کو لاپرواہی برتنے پر معطل کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس خاتون سے پوچھ تاچھ کرنے پر پتہ چلا کہ وہ ذہنی طور پر غیر متوازن ہیں۔ اس کیس میں ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈس رام کشور، کمٹا، پنالال، مان سنگھ اور گرجاوتی، راکھی اور مینا دیوی کو فرائض میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔ شہر کے صوفی گنج علاقہ کی ساکن اِس خاتون کا گزشتہ چار سال سے علاج جاری ہے۔ اس کا لڑکا یومیہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور ہے۔