غزہ پر ووٹنگ، ہندوستان کی غیرحاضری شرمناک: پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے غزہ میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر ووٹنگ کے دوران غیرحاضر رہنے کے حکومت ِ ہند کے فیصلہ کو ”شرمناک“ اور ”افسوسناک“ قراردیا۔

ملاپورم (کیرالا) (پی ٹی آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے غزہ میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر ووٹنگ کے دوران غیرحاضر رہنے کے حکومت ِ ہند کے فیصلہ کو ”شرمناک“ اور ”افسوسناک“ قراردیا۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ حکومت ِ ہند کوئی موقف اختیار نہیں کررہی ہے حالانکہ غزہ میں 60 ہزار جانیں جاچکی ہیں۔ مرنے والوں میں زیادہ تر عورتیں اور بچے ہیں۔ غزہ کی ساری آبادی بھوکوں مررہی ہے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ حلقہ وائناڈ نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان نہ صرف غزہ مسئلہ پر خاموش ہے بلکہ وہ ایران پر اسرائیلی حکومت کے حملہ پر خوشی منارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرمناک اور افسوسناک بات ہے کہ ہماری حکومت نے غزہ میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
یہ ہماری سامراج مخالف پوزیشن کا اُلٹ ہے۔ ہم نہ صرف نتن یاہو کے ہاتھوں ایک پوری قوم کے صفائے پر خاموش ہیں بلکہ ایران پر اسرائیل کے حملہ پر خوشی منارہے ہیں۔