کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کے مطالبہ میں شدت

کے سی آر کو مسلسل کئی گھنٹوں تک خطاب کرنے میں مہارت حاصل ہے اور گذشتہ روز کے ٹی راما راؤ نے خطبہ گورنر پر اظہار تشکر کا جواب دیتے ہوئے تقریباً دو گھنٹوں تک خطاب کیا۔ مسلسل خطاب کی ان کی صلاحیت پر سارا ایوان دنگ رہ گیا۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ کو ریاست کا آئندہ چیف منسٹر بنانے کا مطالبہ شدت اختیار کرتا نظر آرہا ہے۔ کے سی آر کے قومی سیاست میں قدم رکھنے اور ٹی آ رایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے بعد یہ بات عیاں ہوگئی تھی کہ اگر بی آر ایس کو مسلسل تیسری بار اقتدار حاصل ہوتا ہے تو ریاست کی کمان، کے ٹی آر کے ہاتھوں میں تھما دی جائے گی۔

 شائد اسی لئے کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کو چیف منسٹر بننے کی تربیت فراہم کرنے کے مقصد سے گذشتہ روز اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ کے سی آر کو مسلسل کئی گھنٹوں تک خطاب کرنے میں مہارت حاصل ہے اور گذشتہ روز کے ٹی راما راؤ نے خطبہ گورنر پر اظہار تشکر کا جواب دیتے ہوئے تقریباً دو گھنٹوں تک خطاب کیا۔

 مسلسل خطاب کی ان ک ی صلاحیت پر سارا ایوان دنگ رہ گیا۔ عموماً تحریک تشکر پر چیف منسٹر کی جانب سے جواب دیا جاتا ہے مگر خطبہ گورنر پر کے ٹی آر کی جانب سے جواب دیا جانا یہ بتا رہا ہے کہ کے سی آر نے تلنگانہ میں کار چلانے کیلئے کے ٹی آر کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور آئندہ انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کے بعد کے ٹی راما راؤ کا چیف منسٹر بننا رسمی بات ثابت ہوگی۔

 یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ طویل عرصہ سے پارٹی میں کئی قائدین کی جانب سے کے ٹی آر کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مستقبل کا چیف منسٹر قرار دیا جاتا رہا ہے۔