اسرائیل نے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسایا، 4فلسطینی شہید (ویڈیوز)
اسرائیل نے غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسادیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خیموں میں آگ لگنے سے کئی فلسطینی زندہ جل گئے اور بہت سے جھلس کر زخمی ہوگئے۔

غزہ: (یو این آئی) اسرائیل نے غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسادیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خیموں میں آگ لگنے سے کئی فلسطینی زندہ جل گئے اور بہت سے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ دیر البلح میں اسرائیلی بمباری سے خیموں میں آگ لگنے سے 4 فلسطینی شہید اور 70 زخمی ہوگئے جب کہ اسرائیلی حملے سے تقریباً 20 سے 30 خیمے جل گئے۔نصیرت کے اسکول میں پناہ لیے بے گھر افراد پر ٹینکوں سے گولہ باری کی گئی جس کے نتیجہ میں 22 افراد شہید اور 80 زخمی ہوئے۔
غزہ کے پناہ گزین اسکول میں اسرائیل کی شیلنگ، خواتین اوربچوں سمیت 18فلسطینی شہید، متعدد زخمی۔ فلسطینی محکمہ اطلاعات نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے 17 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔شمالی غزہ میں 9 روز سے جاری محاصرے کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 300 سے زائد ہوگئی ہے جب کہ خوراک، پانی اور دواؤں کی قلت سنگین ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کی نمائندہ نے اس حوالے سے کہا کہ اسرائیل نسل کشی کے دوران ایک نئی نسل کشی پر اتر آیا ہے۔واضح رہے کہ غزہ میں ہونے والے اسرائیلی فوج کے مظالم پر دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔برطانیہ میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا جب کہ گلاسگو اور آئرلینڈ میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے فنڈنگ اور ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔