حیدرآباد

کے سی آر کی جانب سے قومی جماعت کی ٹیم کا دسہرہ پر اعلان متوقع

پارٹی کے جنرل سکریٹری کے کیشور راؤ اور کے آر سریش ریڈی، پروفیسر سیتارم نائیک، رنجیت یادو جیسے سینئر قائدین کو ٹیم کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا کیوں کہ ان قائدین کو دونوں زبانوں پر عبور حاصل ہے۔

حیدرآباد: اگر آپ انگریزی اور ہندی روانی سے بولتے ہیں تو آپ کے پاس ٹی آر ایس صدر اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی مجوزہ قومی پارٹی میں کل وقتی ورکر کے طور پر شمولیت کا موقع ہے۔ اس ٹیم کا اعلان دسہرہ پر متوقع ہے۔

 ذرائع کے مطابق کے سی آر کو اپنی قومی جماعت کے لیے کام کرنے ایسے افراد کی تلاش ہے جو انگریزی اور ہندی (حیدرآبادی ہندی نہیں) روانی سے بول سکتے ہیں۔ ٹی آر ایس سربراہ ایک ایسا طاقتور گروپ تشکیل دینے کے خواہاں ہیں جو تلنگانہ میں ریاستی حکومت کے پروگرامس اور پالیسیوں کی قومی سطح پر تشہیر کرتے ہوئے قومی سیاست کے لیے ایجنڈا طے کرسکیں۔

 پارٹی کے جنرل سکریٹری کے کیشور راؤ اور کے آر سریش ریڈی، پروفیسر سیتارم نائیک، رنجیت یادو جیسے سینئر قائدین کو ٹیم کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا کیوں کہ ان قائدین کو دونوں زبانوں پر عبور حاصل ہے۔

 بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر سینئر قائدین کو قومی میڈیا پر مباحث اور مذاکروں میں بھی حصہ لینے اور آٹھ سال میں تلنگانہ کی قسمت بدلنے والی اسکیمات سے متعلق روشنی ڈالنے کی ہدایت دینے پر غور کررہے ہیں۔

چیف منسٹر کی تلگو، انگریزی اور ہندی زبان کی تقریری صلاحیتوں نے علاحدہ تلنگانہ کی تحریک کے دوران تمام طبقات کی حمایت کرنے میں مدد کی او ران کا احساس ہے کہ قومی جماعت کو کامیاب بنانے کے لیے مقررین کی مجوزہ ٹیم کا اہم کردار ہوگا۔

 چیف منسٹر نے سینئر صحافی سنجے جھا کو میڈیا مشیر مقرر کیا اور کے سی آر کی تقاریر میں ہندی کے تلفظ میں واضح فرق نظر بھی آرہا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ٹی آر ایس صدر ٹیم میں کچھ جنرل سکریٹریز اور سکریٹریز کو بھی شامل کرسکتے ہیں۔ تاہم ارکان اسمبلی اس ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔