بریانی کے شوقین ہوشیار! حیدرآباد کے ریسٹورنٹ میں چکن بریانی سے چھپکلی برآمد، منیجر کا حیران کن جواب (ویڈیو وائرل)
شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ ابراہیم پٹنم کے شیری گوڑہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے کرشنا ریڈی دو دیگر افراد کے ہمراہ "محفل ریسٹورنٹ" گئے تھے، جہاں انہوں نے چکن بریانی کا آرڈر دیا۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ ابراہیم پٹنم کے شیری گوڑہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے کرشنا ریڈی دو دیگر افراد کے ہمراہ "محفل ریسٹورنٹ” گئے تھے، جہاں انہوں نے چکن بریانی کا آرڈر دیا۔
اطلاعات کے مطابق جب ویٹر نے ان کے سامنے بریانی پیش کی تو ان سب کے ہوش اُس وقت اڑ گئے جب انہوں نے پلیٹ میں ایک تلی ہوئی چھپکلی دیکھی۔ یہ منظر دیکھ کر وہ انتہائی پریشان اور ناراض ہو گئے۔
لیکن سب سے چونکا دینے والی بات ریسٹورنٹ کے منیجر کی طرف سے سامنے آئی، جس نے نہ صرف معذرت کرنے سے گریز کیا بلکہ حیرت انگیز طور پر کہا:”یہ اچھی طرح سے تلی گئی ہے، آپ اسے کھا سکتے ہیں۔”
ریڈی اور ان کے ساتھی منیجر کے اس غیر ذمہ دارانہ رویہ پر سخت ناراض ہو گئے اور فوراً ابراہیم پٹنم پولیس اسٹیشن جاکر شکایت درج کروائی۔
پولیس نے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسٹورنٹ کے منیجر کو طلب کر لیا۔ کرشنا ریڈی نے ابراہیم پٹنم میونسپل کارپوریشن اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے پاس بھی ایک علیحدہ شکایت درج کرائی ہے تاکہ ریسٹورنٹ کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔
حال ہی میں نوئیڈا میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے ویجیٹیرین بریانی خریدی، لیکن کھولنے پر اندر سے کیڑا نکل آیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
نوٹ: یہ رپورٹ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو اور صارفین کے بیانات پر مبنی ہے۔ سوشل میڈیا پر موجود مواد رپورٹر یا پلیٹ فارم کی رائے کی عکاسی نہیں کرتا اور اس کی درستگی یا ذمہ داری کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔