مہاراشٹرا

شاورمہ کھانے کے بعد نوجوان کی موت

ممبئی میں ایک فوڈ اسٹال سے شاورمہ خرید کر کھانے کے بعد ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوڈ اسٹال کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔ نوجوان کی 19 سالہ پی بھوکسے کے طور پر شناخت کی گئی ہے۔

ممبئی: ممبئی میں ایک فوڈ اسٹال سے شاورمہ خرید کر کھانے کے بعد ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوڈ اسٹال کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔ نوجوان کی 19 سالہ پی بھوکسے کے طور پر شناخت کی گئی ہے۔

پولیس نے منگل کو بتایا کہ بھوکسے نے 3 مئی کو ٹرامبے کے علاقے میں ایک فوڈ اسٹال سے کھانے کی اشیاء (شاورمہ) خریدی تھیں۔

دوسرے دن یعنی4 مئی کو بھوکسے کو پیٹ میں شدید درد اور الٹی کی شکایت ہوئی اور وہ علاج کے لئے قریبی میونسپل اسپتال پہنچا۔

گھر واپس آنے کے بعد اس نے خود کو دوبارہ بیمار محسوس کیا جس پر اس کے خاندان والے اسے 5 مئی کو سرکاری زیر انتظام کے ای ایم اسپتال لے گئے۔

ٹرامبے پولیس اسٹیشن کے اہلکار نے بتایا کہ ایک ڈاکٹر نے اس کا علاج کیا اور گھر بھیج دیا۔ اگلے دن بھوکسے کی حالت بگڑنے پر اسے دوبارہ اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک ڈاکٹر نے اس کا معائنہ کیا۔ اس بار اسے چیک اپ کے بعد دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اسپتال کے حکام نے اس معاملے کی رپورٹ پولیس کو دینے کا فیصلہ کیا جس پر تعزیرات ہند کی دفعہ 336 (دوسروں کی جان یا ذاتی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے والا عمل) اور 273 (غیرضروری کھانے یا مشروبات کی فروخت) کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

بتایا گیا کہ نوجوان کی حالت کبھی بھی ٹھیک نہیں ہوئی اور پیر کو اس کی موت ہوگئی۔ پولیس نے اس کے بعد دو افراد آنند کامبلے اور احمد شیخ کو گرفتار کرکے ان پر مختلف آئی پی سی سیکشنز کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ اس مرتبہ ایف آئی آر میں دفعہ 304 بھی شامل کی گئی ہے جو غیرارادی قتل سے متعلق ہے۔