تلنگانہ

منگوڈ ضمنی الیکشن: ٹی آر ایس کا30، بی جے پی کا 31 اکتوبر کو جلسہ

وزیر ہریش راؤ اور کے ٹی آر، گراونڈ پٹس کی رپورٹ پر پارٹی حکمت عملی کو ازسر نو مرتب کررہے ہیں۔ ٹی آ رایس،30/ اکتوبر کو چندور منڈل کے بنگاری گڈہ میں بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

حیدرآباد: رواں ماہ اکتوبر کے آخری تین دن حلقہ اسمبلی منگوڈ میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ جائیں گی اور مختلف بڑی سیاسی جماعتوں کے جلسہ عام منعقد ہونے والے ہیں۔ ٹی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی، جلسہ منعقد کرتے ہوئے رائے دہندوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ریاستی وزیر ہریش راؤ اور کے ٹی آر، گراونڈ پٹس کی رپورٹ پر پارٹی حکمت عملی کو ازسر نو مرتب کررہے ہیں۔ ٹی آ رایس،30/ اکتوبر کو چندور منڈل کے بنگاری گڈہ میں بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ جبکہ بی جے پی بھی31/ اکتوبر کو جلسہ عام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اس جلسہ میں پارٹی کے خصوصی صدر جے پی نڈا کی شرکت متوقع ہے۔

بی جے پی نے ضمنی الیکشن کیلئے ایک میگا انتخابی منشور بنایا ہے اور حلقہ سے کامیابی کے بعد500 یوم میں اس منشور کو نافذ کیا جائے گا۔ دوسری طرف کانگریس قائد راہول گاندھی نے مکتھل سے اپنی بھارت جوڑو یاترا دوبارہ شروع کرچکی ہے۔

 اس یاترا کے دوران حلقہ اسمبلی منگوڈ پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس قیادت نے یکم نومبر کو شمس آباد میں راہول گاندھی کی منگوڈ کے پارٹی قائدین کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کرے گی۔ راہول، 31اکتوبر کو یاترا کے دوران منگوڈ حلقہ کے ووٹرس سے بھی اپیل کریں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ راہول، اس یاترا کو ایک پلاٹ فارم کے طور پر استعمال کریں گے اور حلقہ کے رائے دہندوں سے کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی موثر اپیل کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے نئے صدر ملکارجن کھرگے بھی تلنگانہ میں جاری بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کرسکتے ہیں۔