یوروپ

ترکی میں درمیانی شدت کا زلزلہ، 50 افراد زخمی

ملک کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے ملکی ٹیلی ویژن چینل این ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں اورزلزلے سے گھبراکر ایک شخص بالکونی سے کودگیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔

انقرہ: ترکی کے شمال مغربی صوبے دوجسے میں چہارشنبہ کی صبح درمیانی شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جس میں کم از کم 50 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کا دج اور اس کے آس پاس کے اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ ملک کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے ملکی ٹیلی ویژن چینل این ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں اورزلزلے سے گھبراکر ایک شخص بالکونی سے کودگیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔

https://twitter.com/ibrarbutt621/status/1595234876474753024

مکانات اور عمارتوں کو بھاری نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ملک کے سب سے بڑے شہر استنبول سے تقریباً 200 کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ دوجسے میں تھا۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ علاقے میں بجلی کاٹ دی گئی تھی اور بعد میں کچھ علاقوں میں بحال کر دی گئی۔

قبل ازیں وزیر صحت فرحتین کوکا نے کہا تھا کہ زلزلے میں کم از کم 22 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ این ٹی وی نے ایک فوٹیج میں دکھایا کہ لوگ خوف و ہراس میں عمارتوں سے باہر نکل رہے ہیں اور سڑکوں پر زلزلے کے رکنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 8 منٹ پر آیا اور لگاتار 106 جھٹکے حسوس کیے گئے۔ اس سے قبل 1999 میں دوجسے میں 7.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں تقریباً 800 افراد ہلاک ہوئے تھے۔