شمال مشرق

تریپورہ میں سی پی آئی ایم رکن اسمبلی کی ماں پر حملہ

تریپورہ میں سی پی آئی ایم کے ایک رکن اسمبلی کی 79 سالہ ماں پر بعض اشرار نے حملہ کردیا اور ضلع مغربی تریپورہ کے پرتاپ گڑھ علاقہ میں ان کے مکان میں بھی توڑ پھوڑ کی۔

اگرتلا: تریپورہ میں سی پی آئی ایم کے ایک رکن اسمبلی کی 79 سالہ ماں پر بعض اشرار نے حملہ کردیا اور ضلع مغربی تریپورہ کے پرتاپ گڑھ علاقہ میں ان کے مکان میں بھی توڑ پھوڑ کی۔

متعلقہ خبریں
ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش، 25افراد گرفتار

سی پی آئی ایم رکن اسمبلی راموداس نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور بی جے پی کے حامی تھے۔ انہوں نے آج میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کی والدہ کو اندراگاندھی میموریل ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔ اُن پر چہارشنبہ کی رات حملہ کیا گیا تھا۔

داس نے بتایا کہ چیف منسٹر مانک ساہا اور ان کی مجلس وزراء حلف برداری کے چند گھنٹوں کے بعد پیش آیا۔ اس تقریب میں وزیراعظم نریندرمودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا و دیگر نے شرکت کی۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ جب وہ اپنی بیوی کے ساتھ ڈاکٹر سے ملنے گئے تھے، اس وقت یہ حملہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ واقعہ کے فوری بعد اطلاع دینے کے باوجود پولیس نے ابھی تک مجرموں کو گرفتار نہیں کیا ہے۔

اسی دوران چیف منسٹر مانک ساہا نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مابعد الیکشن تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اپوزیشن کانگریس اور سی پی آئی ایم کی زیر قیادت بایاں بازو جماعتوں نے چہارشنبہ کے روز حلفہ برداری تقریب کا بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے حامیوں اور غنڈوں نے ہرطرف دہشت پھیلادی ہے۔

کانگریس اور بایاں بازو قائدین نے قبل ازیں چیف سکریٹری جے کے سنہا اور ڈائرکٹر جنرل پولیس امیتابھ رنجن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت حوالہ کی جس میں اس واقعہ کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔